تریپورہ اور میگھالیہ میں اسمبلی انتخابات کی تاریخیں تبدیل

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔فروری ماہ میں تریپورہ، میگھالیہ اور ناگالینڈ میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ اس کے لیے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے پہلے ہی شیڈول جاری کر دیا ہے۔ لیکن اب تریپورہ و میگھالیہ میں ووٹنگ کی تاریخیں بدل دی گئی ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق جو نیا شیڈیول سامنے آیا ہے اس میں بتایا گیا ہے کہ تریپورہ میں 27 فروری اور میگھالیہ میں 16 فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ پرانے شیڈیول میں تریپورہ میں 16 فروری اور میگھالیہ میں 27 فروری کو ووٹ ڈالے جانے کا تذکرہ کیا گیا تھا۔ حالانکہ نتائج برآمد ہونے کی تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ یعنی دونوں ہی ریاستوں کے ریزلٹ 2 مارچ کو ہی سامنے آئیں گے۔ ناگالینڈ میں پرانے شیڈیول کے مطابق ہی 27 فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔قابل ذکر ہے کہ تریپورہ اور میگھالیہ دونوں ہی ریاستوں میں اسمبلی کی 60-60 نشستیں ہیں۔ دونوں مقامات پر ایک ہی مرحلہ میں ووٹ کرائے جائیں گے۔ تریپورہ میں اس وقت بی جے پی کی حکومت ہے اور اسمبلی کی مدت کار 22 مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔ 2018 کے اسمبلی انتخاب میں بی جے پی اور آئی پی ایف ٹی نے ساتھ مل کر اسمبلی انتخاب لڑا تھا اور بایاں محاذ سے اقتدار چھین لیا تھا۔میگھالیہ کی بات کی جائے تو اسمبلی کی مدت کار 15 مارچ کو ختم ہو رہی ہے۔ یہاں این پی پی (نیشنل پیپلز پارٹی) کی حکومت ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ میگھالیہ میں اسمبلی انتخاب کی تاریخوں کے اعلان سے پہلے ہی الگ الگ پارٹیوں کے 5 اراکین اسمبلی نے استعفیٰ دے دیا تھا۔