دہلی:۔سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت سے کہا ہے کہ وہ کمیونٹی کچن پر ایک ماڈل پلان تیار کرے۔ عدالت عظمیٰ نے مرکزی حکومت کو یہ حکم ایک عرضی پر دیا ہے جس میں لوگوں کو بھوک اور غذائی قلت سے ہونے والی اموات سے بچانے کے لیے کمیونٹی کچن چلانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہا کہ پارٹیاں انتخابات میں بہت سی چیزیں مفت تقسیم کرنے کا اعلان کرتی ہیں، لیکن بے سہارا لوگوں کی بھوک بجھانے پر توجہ نہیں دیتیں۔ عدالت نے اس معاملے میں ریاستوں سے دو ہفتے میں ڈیٹا مانگا ہے۔سینئر وکیل پرشانت بھوشن نے سماعت کے دوران کہا کہ کئی ریاستوں نے کووڈ ویکسینیشن کو لازمی قرار دینے کے احکامات جاری کئے ہیں، جن غریبوں کو ٹیکے نہیں لگائے گئے انہیں مفت راشن جیسی سہولیات سے محروم کیا جا رہا ہے،کئی جگہوں پر کام بھی ہو رہا ہے۔ اس پر سپریم کورٹ نے کہا کہ آپ ریاستوں کو آگاہ کریں۔ سپریم کورٹ اب اس معاملے کی سماعت 31 جنوری کو کرے گی۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال نومبر میں ایک سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ لوگوں کو بھوک سے بچانا حکومت کا فرض ہے۔ اس تبصرے کے بعد عدالت نے مرکز سے کہا تھا کہ وہ ریاستوں کے ساتھ مشاورت سے کمیونٹی کچن قائم کرے۔
