عابدہ انعمدار سے ملاقات 

نیشنل نیوز
پونہ؛۔شہرِ پونہ کی معروف سماجی و تعلیمی شخصیت محترم جناب پی اے انعمدار صاحب کے خانوادے سے آج ایک نہایت اہم اور یادگار ملاقات کا شرف حاصل ہوا۔ اس سلسلے میں اُن کی اہلیہ محترمہ عابدہ انعمدار صاحبہ سے اُن کے دفتر، اعظم کیمپس میں ملاقات ہوئی۔اس موقع پر خاکسار نے اپنی تصنیف "محمد بن قاسم سے بہادر شاہ ظفر تک” بطورِ تحفہ پیش کی، جس کے عنوان سے محترمہ عابدہ صاحبہ بے حد متاثر ہوئیں۔ اُنہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ اس کتاب کو اسکین کروا کر ڈیجیٹلائز کروائیں گی تاکہ یہ علمی سرمایہ وسیع حلقے تک پہنچ سکے۔یہ ملاقات شہر کے معروف شاعر اور نہایت مخلص شخصیت، محترم جناب عبدالحمید انعمدار (ہنرؔ) صاحب کی وساطت سے ممکن ہوئی، جو محترمہ عابدہ انعمدار صاحبہ کے بھائی ہیں۔ اُن کی محبت و خلوص اس ملاقات میں نمایاں رہا۔دورانِ گفتگو خاکسار نے اپنے آباء و اجداد کی بیجاپور سے کروشی ہجرت کی مختصر تاریخ بیان کی، جسے محترمہ عابدہ صاحبہ نے نہایت دلچسپی سے سنا۔ اس کے جواب میں اُنہوں نے بھی اپنے خاندان، خصوصاً محترم پی اے انعمدار صاحب کے آباء و اجداد کی بیجاپور سے پونہ آمد کی تفصیل بیان کی۔ یوں یہ نشست ماضی کی یادوں کو تازہ کرنے اور خاندانی و تاریخی روابط کو سمجھنے کا ایک خوبصورت ذریعہ بنی۔اسی موقع پر اعظم کیمپس میں واقع پونہ کالج کے شعبۂ اردو و فارسی کے معزز اساتذہ سے بھی ملاقات کا شرف حاصل ہوا، جن میں محترمہ کثر جہاں صاحبہ، ڈاکٹر ابرار صاحب اور ڈاکٹر جاوید صاحب شامل ہیں۔ اس علمی نشست نے ادبی و تعلیمی تبادلۂ خیال کو مزید تقویت بخشی۔بعد ازاں، محترم عبدالحمید ہنرؔ انعمدار صاحب کی دکان پر طویل نشست رہی، جہاں مختلف ادبی، سماجی اور تہذیبی موضوعات پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔یہ ملاقات نہ صرف خوشگوار رہی بلکہ خاکسار کے لیے نئے تجربات، معلومات اور فکری وسعت کا باعث بھی بنی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے