کسان احتجاج کے دوران دہلی میں درج 17 مقدمات ہوں گے واپس  

نیشنل نیوز
دہلی:۔ دہلی حکومت نے مرکز کے تین متنازعہ زرعی قوانین کیخلاف مظاہرے کے دوران گزشتہ سال دہلی پولیس کے ذریعہ درج کیے گئے 17 مقدمات کو واپس لینے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ان میں یوم جمہوریہ پر تشدد سے متعلق ایک واقعہ بھی شامل ہے۔منگل کو اس بارے میںاطلاع دیتے ہوئے ایک سینئر سرکاری افسر نے بتایا کہ لیفٹنٹ گورنر انل بیجل کے دفتر سے 31 جنوری کو وزیر داخلہ ستندر جین کو بھیجے گئے مقدمات سے متعلق فائل کو محکمہ قانون کی رائے لینے کے بعد پیر کو کلیئر کر دیا گیا۔دہلی پولیس نے نومبر 2020 سے دسمبر 2021 کے دوران درج کیے گئے 54 مقدمات میں سے 17 کو واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس میں تقریباً 200-300 مظاہرین اور 25 ٹریکٹروں کے لاہوری گیٹ سے لال قلعہ تک پہنچنے کا معاملہ بھی شامل ہے، جس سے ٹکٹ کاؤنٹرز اور سیکورٹی چیکنگ کے سامان کو نقصان پہنچا۔اس کے علاوہ 150-175 ٹریکٹروں پر اتر پردیش کے لونی سے دہلی میں داخل ہونے والے کسانوں کیخلاف شمال مشرقی دہلی کے جیوتی نگر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ الزام ہے کہ ان کسانوں نے پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی میں رکاوٹ ڈالی اور ان پر مبینہ طور پر حملہ کیا۔زیادہ تر معاملات دہلی میں سنگھو، ٹکری اور غازی پور سرحدوں پر زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے ایک سال سے جاری احتجاج کے دورا ن کرونا اصولوں کی خلاف ورزی سے متعلق ہیں۔