جنگ زدہ علاقوں سے طلباء کو واپس لانے میں حکومت اب بھی ناکام: یو ٹی قادر

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
بنگلورو:۔ریاستی اسمبلی کے نائب اپوزیشن لیڈر یو ٹی قادر نے مرکزی و ریاستی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ جنگ زدہ یوکرین میں پھنسے ہندوستانی طلباء کو واپس لانے کی بجائے چند طلباء کو وطن واپس لا کر اس کا ڈھنڈورا پیٹ رہی ہیں۔ کے پی سی سی دفتر میں ایک اخباری کانفرنس سے مخاطب ہو کر یو ٹی قادر نے کہا کہ یوکرین میں ہوئی بمباری میں کرناٹک کے ایک طالب علم نوین کی جان ضائع ہوجانے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بروقت یوکرین میں مقیم ہندوستانی طلباء کو ملک واپس لانے میں مرکزی حکومت اور وزارت خارجہ کی ناکامی اس جانی نقصان کے لئے ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک سے جو طلباء یوکرین میں تعلیم کے لئے گئے ہوئے تھے ہنگامی صورتحال پیدا ہونے کے بعد ان کو وطن واپس لانے کے لئے ریاستی حکومت کی طرف سے بھی مرکز پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جنگ زد ہ ملک سے مٹھی بھر طلباء کو واپس لاکر مرکزی حکومت اس سے سستی شہرت بٹورنے میں لگی ہے جبکہ لیبیا میں جنگ کے دوران مرکز کی منموہن سنگھ حکومت نے ایک لاکھ سے زائد ہندوستانیوں کو محفوظ طریقہ سے وطن واپس لانے کا کام کیا تھا لیکن کبھی اس کے لئے سستی شہرت کی پرواہ نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہندوستانیوں کو محفوظ طریقہ سے واپس لانے کے لئے فصائیہ کے ساتھ بحریہ کو بھی استعمال میں لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت یوکرین میں پھنسے کسی طالب علم کو واپس نہیں لا رہی ہے بلکہ اپنی کوشش اور خرچ سے جو طلباء یوکرین سے باہر دیگر ممالک میں داخل ہو سکے ہیں مرکزی حکومت صرف ان کو واپس لا رہی ہے۔ ان طلباء کو واپس لاکر سستی شہرت بٹورنے کی کوشش کرنا درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ زدہ علاقوں میں جو طلباء موجود ہیں، بنکروں اور ریلوے اسٹیشنوں میں پناہ لینے پر مجبور ہیں حکومت کو پہلے ان طلباء کو بچانے کی کوشش کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ یوکرین سے آنے والی ویڈیو ز میں یہ صاف ظاہر ہو تا ہے کہ ہندوستانی طلباء کو بچانے کے لئے جو ہیلپ لائنیں بنائی گئی ہیں وہ بھی کام نہیں کر پا رہی ہیں۔ یہ مرکزی حکومت کی ناکامی نہیں تو اور کیا ہے۔