منگلورو ایئر پورٹ میں بم رکھنے والےآدتیہ راؤ کا جرم ثابت؛ 20 سال کی سزا سنائی

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر

منگلورو:۔منگلورو بین الاقوامی ہوائی اڈے کو بم سے اڑانے کا منصوبہ بناتے ہوئے گرفتار شدہ مبینہ دہشت گرد آدتیہ راؤ کو دکشن کنڑا ضلع کی چوتھی ایڈیشنل عدالت نے 20 سال کی قید اور 10 ہزار روپئے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے ملزم آدتیہ راؤ کو انسداد دھما کہ خیز مواد ایکٹ کے تحت 5 سال اور یو اے پی اے کے تحت 20 برس کی سزا دینے کا فیصلہ صادر کیا ہے۔یاد رہے کہ 20 جنوری 2020 کی صبح ایک رکشہ میں ڈرائیور سمیت 2 افراد منگلورو ایئر پورٹ پہنچے تھے، ان میں سے ایک جس کا نام آدتیہ راؤ ہے نے آٹو رکشا سے اتر کر دھما کہ خیز مواد سے بھرا ایک بیگ گیٹ کے قریب رکھ دیا تھا۔ سی سی کیمرے کے فوٹیج سے پتہ چلا ہے کہ منگلورو ہوئی اڈے پر ڈرائیور سمیت 2 افراد پہنچے تھے ۔ آدتیہ راؤ آٹو رکشا سے باہر نکلا اور دھماکہ خیز مواد سے بھرے بیگ کو ایگزٹ گیٹ کے قریب ٹکٹ کاؤنٹر کے پاس موجود سیٹ پر رکھ دیا۔ اس کے بعد آدتیہ راؤ بنگلورو چلا گیا اور ڈائر کٹر جنرل ، انسکپٹر جنرل آف پولیس کے دفتر میں خود سپردگی کی ۔ اسے السور گیٹ پولیس اسٹیش لے جا کر پوچھ گچھ کی گئی۔ اس کے بعد منگلورو پولیس کی ٹیم بنگلورو گئی اور اسے گرفتار کر کے منگلورو لے آئی ۔ ایف ایس ایل ٹیسٹ سے ثابت ہوا کہ ایئر پورٹ پر گیٹ کے قریب ملنے والا گولہ بارود دھما کہ خیز تھا۔ تفتیش کاروں نے آدتیہ راؤ کے خلاف 700 صفحات پر مشتمل فرد جرم منگلورو کی جے ایم ایف سی عدالت میں جمع کرائی ہے۔ آدتیہ راؤ کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ یو اے پی اے کے تحت چارج شیٹ داخل کی گئی تھی۔ عدالت نے اب اسے 20 سال قید اور 10 ہزار روپئے جرمانے کی سزا سنائی ۔ خیال رہے کہ اس واقعہ کے بعد ملزم مسلم نہ ہونے کے سبب آدتیہ کو ذہنی مریض قرار دیتے ہوئے بچانے کی کوشش بھی کی گئی تھی، آخر کارجرم ثابت ہوا اور ملزم کو 20 سال کی سزا سنائی گئی۔