حکومت ہمارے درمیان پھوٹ ڈال رہی ہے: راکیش ٹکیت

نیشنل نیوز
میرٹھ؍لکھنؤ :۔بھارتیہ کسان یونین کے رہنما راکیش ٹکیت نے مرکزی حکومت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومتوں کا کام کسانوں کی تحریکوں کو تقسیم کرکے ان کو توڑنا اور کمزور کرنا ہے۔ دراصل بھارتیہ کسان یونین اب دو حصوں میں بٹ چکی ہے۔ اب ایک اور نئی تنظیم بھارتیہ کسان یونین (غیر سیاسی) کے طور پر سامنے آئی ہے۔ راکیش ٹکیت نے ٹویٹ کیا اور کہا کہ کسانوں کی تحریکوں کو تقسیم کرکے کمزور کرنا حکومتوں کا کام ہے۔ ہمارا شعا ر کسانوں کی آواز بلند کرنا اور ان کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔ کسانوں کی لڑائی آخری سانس تک جاری رہے گی۔معلوم ہو کہ 15 مئی کو مہندر ٹکیت کی 11ویں برسی پر لکھنؤ میں بھارتیہ کسان یونین کی میٹنگ ہوئی تھی۔اس میٹنگ میں کسان یونین دو حصوں میں بٹ گئی اور ایک نئی تنظیم بنائی گئی۔ اس نئی تنظیم کی تشکیل سے مہندر سنگھ کے بیٹوں کو نقصان ہوا ہے۔ نئی تنظیم کے صدر راجیش سنگھ چوہان نے کہا تھا کہ راکیش اور نریش ٹکیت سیاسی طور پر متحرک ہیں لیکن وہ کسی سیاسی پارٹی میں شامل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ مہندر سنگھ ٹکیت کے دکھائے ہوئے راستے پر چلیں گے اور ان کے اصولوں کے خلاف کوئی کام نہیں کریں گے۔بھارتیہ کسان یونین (غیر سیاسی) کے صدر راجیش سنگھ چوہان نے کہا کہ ان کی لڑائی پہلے بھی راکیش ٹکیت اور نریش ٹکیت کے ساتھ تھی اور اب بھی جاری رہے گی۔ ہم نے ماضی میں بھی ان کی سیاسی جماعت میں شمولیت کی مخالفت کی تھی اور اب بھی کریں گے۔ کسان یونین کا کام کسانوں کی لڑائی لڑنا ہے، کسی طرح کا سیاست کرنا نہیں ہے۔ دونوں بھائیوں نے بھی سیاسی جماعت میں شمولیت کا کہا تھا، لیکن ہم نے ایسا نہیں کیا ۔