شیموگہ:۔ریاست بھر میںاگلے دو دنوں تک موسلا دھار بارش ہونے کی اطلاع محکمہ موسمیات نے جاری کی ہے جسکی وجہ سے 7 ضلعوں میں ریڈالرٹ جاری کیا گیا ہے۔ چکمگلور، ہاسن، شیموگہ، اڈپی، شمالی کینرا،جنوبی کینرامیں ریڈالرٹ جاری کیا گیا ہےجبکہ چامراج نگر، میسور، منڈیا، گدگ اور ہاویری میں آرینج الرٹ جاری کیا گیاہے۔ شیموگہ سمیت مختلف علاقوں میں پچھلے دس گھنٹوں سے جاری موسلادھار بارش کو دیکھتے ہوئے اسکولوں کو تعطیل دی گئی ہے۔ریاست کے بنگلور، بنگلور رورل، ہاویری، گدگ ، داونگیرے، دھارواڑ، ہبلی اضلاع کو یلو الرٹ کے زمرے میں رکھا گیاہے۔شیموگہ پچھلےدس گھنٹوں سے جاری موسلادھار بارش کی وجہ سے شہرکے کئی علاقے زیر آب ہوچکے ہیں جس میں آر ایم ایل نگر،ٹیپونگر ، وادی ہدیٰ،اولڈمنڈلی سمیت کئی ڈھلوان والے علاقوں کے گھروں میں پانی گھس آیا،جس میں سب سے زیادہ وادی ہدیٰ، ٹیپونگر اور آر ایم ایل نگرمیں دیکھنے کو ملا ہے ۔ ٹیپونگر کے 100 سےزائد مکانات میں پانی گھس آیاہے جسکی وجہ سے ان گھروں میں فی الوقت رہنا ناممکن ہوچکاہے۔ان مکانات کے نقصانات کو دیکھتے ہوئے ٹیپومسجدمیں ساکنوں کو قیام کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے،یہاںپر ٹیپومسجدکمیٹی،سماجی کارکن ذبیع اُللہ اورحضرت شیخ محمد حُسین شاہ قادری چاریٹبل ٹرسٹ کی جانب سے امدادی کام کیاجارہاہے۔وادی ہدیٰ میں بھی بڑے پیمانے پر گھروں میں پانی گھس آیاہے جس سےبڑے پیمانے پر مالی نقصان ہواہے۔اس علاقے میں مقامی لوگ ایک دوسرے کی مددکرنے کیلئے باہمی تعائون کررہے ہیں۔امیراحمد کالونی میں بھی نقصانات ہوئے ہیں ،جہاں پر شانتی ویلفیر ٹرسٹ کے کارکنوں نے ضرورت کے مطابق کھانے کی سہولت فراہم کی ہے ۔ اس پورے معاملے کے دوران کارپوریشن کے افسران اور کارپوریٹرس دور دور تک دکھائی نہیں دے رہے تھے ،شیموگہ میں اسمارٹ کے تعمیراتی کاموں کے غیر معیاری اور غیر منصوبہ بندی کاموں کی وجہ سے اتنے بڑے پیمانے پر نقصان ہواہے۔حالانکہ اس سلسلے میں کارپوریشن نے ایمرجنسی میٹنگ کا اہتمام بھی کیاہے لیکن عوام ان سے اُمید نہیں رکھ رہی ہے۔آر ایم ایل نگرمیں قیام پذیر لوگوں کو مطلع کیا جارہا ہے کہ جن کے گھر گرائونڈ فلور پر ہیں وہ احتیاطً منتقل ہوجائیں،کیونکہ محکمہ موسمیات نے اگلے چوبیس گھنٹوں میں مزید بارش ہونے کے تعلق سے الرٹ جاری کیاہے۔
