بے موسمی برسات سے21 ہزار ایکر فصلیں تباہ،پانچ ہزار سے زیادہ مکانات کو نقصان،لیکن وزراء وافسران چار دیواری میںمست

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر

بنگلورو:۔پچھلے کچھ دنوں سے جاری بے موسی برسات کی وجہ سے ریاست میں اب تک21 ہزارایکر فصلیں وباغات تباہ ہوئے ہیں،لیکن محکمہ زراعت اور باغبانی کے وزیر سمیت ضلع نگران وزیر اورضلع نگران سکریٹری بنگلورو چھوڑ کرمتاثرہ علاقوں میں جانے کیلئے بالکل بھی تیاردکھائی نہیں دے رہے ہیں۔تحصیلدار اور ڈپٹی کمشنروں کی ابتدائی رپورٹس حاصل کرتے ہوئے اسٹیٹ ڈیزآسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کو سونپی گئی ہے۔لیکن یہ رپورٹ محض19 مئی تک ہی محدودہے،لیکن پچھلے ہفتے ریاست کے ملناڈ،میدانی علاقے اور نیم ملناڈ علاقوں میں ہونے والی تباہی کے تعلق سے حکومت نے اب تک رپورٹ اکٹھانہیں کی ہے۔مارچ سے19 مئی تک ریاست کے مختلف مقامات پر ہونے والے بارش کی وجہ سے62 لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔201 بڑے جانور،652 چھوٹے جانور،103 مکانات مکمل تباہ اور5015 مکانات کوجزوی نقصان پہنچاہے،اسی طرح سے20 اسکولوں کو بھی نقصان ہواہے۔کوپل ضلع میں5584.89،داونگیرے میں1878.06ایکر،یادگیرمیں3481ایکرفصلوں کی زمینیں تباہ ہوئی ہیں،جبکہ دکشن کنڑامیں کسی بھی طرح کانقصان نہ ہونے کی بات کہی گئی ہے۔ریاست میں اتنے بڑے پیمانے پر فصلوں کی تباہی کے تعلق سے جائزہ لینے کیلئے اب تک نہ تو وزارت زراعت کے وزیر ان علاقوں کا دورہ کرنے آگے آئے ہیں نہ ہی متعلقہ افسران اس سلسلے میں جائزہ لینے کیلئے پیش رفت کی ہے۔