ملک میں آبادی پر کنٹرول کرنے حکمت عملی اور منصوبہ بندی کا اعلان متوقع

سلائیڈر نیشنل نیوز
حیدرآباد:۔وزیر اعظم نریندر مودی نے 2019 میں یوم آزادی کے موقع پر آبادی پر کنٹرول کی پالیسی کا تذکرہ کرتے ہوئے ملک میں آبادی پر کنٹرول کے ذریعہ بہتر منصوبہ سازی اور اسکیمات پر عمل آوری کا اعلان کیا تھا اور اس کے بعد نیتی آیوگ کی جانب سے اس منصوبہ کو قابل عمل بنانے کی حکمت عملی تیار کی جانے لگی تھی اور کہا جارہا تھاکہ حکومت بہت جلد آبادی پر قابو پانے کے سلسلہ میں جلد اپنی نئی حکمت عملی اور منصوبہ بندی کا اعلان کرے گی ۔مرکزی حکومت نے اس منصوبہ پر عمل آوری کے سلسلہ میں بی جے پی کی زیر اقتدار ریاستی حکومتوں سے مشاورت کرتے ہوئے ریاستی سطح پر آبادی پر قابو پانے کے لئے بل منظورکرنے کا مشورہ دینے لگی ہے اور اس سلسلہ میں آسام ‘ اترپردیش کے علاوہ کرناٹک میں آبادی پر کنٹرول کے لئے اقدامات کے آغاز کی توقع کی جا رہی ہے۔مرکزی حکومت کے ذرائع کے مطابق ملک کی بیشتر ریاستوں میں شرح پیداوار معمول سے اضافہ ہوتی جار ہی ہے اسی لئے مرکزی حکومت کی جانب سے یہ منصوبہ تیار کیا جارہا ہے تاکہ ملک کی آبادی کو قابو میں رکھا جاسکے۔نیتی آیوگ کے ذرائع کے مطابق ہندستانی آبادی 140کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے اور اس میں تیزی سے ہونے والے اضافہ کو روکنے کیلئے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس بات پر بھی غور کیا جا رہاہے کہ 2 سے زائد بچے رکھنے والوں کو سرکاری ملازمتوں سے محروم رکھنے کے علاوہ ان کو سیاسی عہدوں سے دور کیا جائے تاکہ آبادی پر قابو پانے کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنایا جائے۔بتایاجاتا ہے کہ ملک کی بیشتر ریاستوں میں آبادی پر کنٹرول کے لئے کئے جانے والے اقدامات اب تک بے فیض ثابت ہوچکے ہیں اسی لئے مرکزی حکومت کی جانب سے اب جو منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اس کے تحت ملک میں دو سے زائد بچوں کے والدین کو سرکاری نوکریوں میں مواقع فراہم نہیں کئے جائیں گے اور اسی طرح سیاسی عہدوں پر مقابلہ کے اہل نہیں رہیں گے۔نیتی آیوگ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیتی آیوگ آبادی پر کنٹرو ل کے لئے جو منصوبہ بندی کر رہی ہے اس میں سابق میں کئے گئے فیصلوں اور ہم دو ہمارے دو تحریک کے اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور اس بات کا بھی جائزہ لیا جا رہاہے کہ جن ریاستوں میںپنچایت اور بلدی انتخابات میں 2سے زائد بچے رکھنے والوں کو انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے ان ریاستوں میں شرح پیداوار کیا ہے اور کس طرح سے یہ اقدامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔وز یر اعظم کی جانب سے آبادی پر قابو پانے کے سلسلہ میں کئے جانے والے اعلان کے بعد سے ہی نیتی آیوگ منصوبہ سازی اور تجاویز کی تیاری میں مصروف ہے اور توقع ہے کہ جلد ہی کوئی تجویز یا سفارشات کو قطعیت دیتے ہوئے حکومت کو مطلع کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی حکومتوں کی جانب سے موصول ہونے والی سفارشات اور نیتی آیوگ کی سفارشات کی بنیاد پر مرکزی حکومت کی جانب سے آبادی پر کنٹرول کے سلسلہ میں نئی پالیسی کا اعلان کرنے کی حکمت عملی تیار کی جاچکی ہے ۔