منگلورو:۔ساحلی علاقے کے کرکٹ شائقین کے لئے ایک بڑی خوش خبری یہ سامنے آئی ہے کہ منگلورو کے کوناجے علاقے میں انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر کرنے کی تجویز حکومت کو بھیج دی گئی ہے ، جس کی وجہ سے کھیل پریمیوں کا ایک دیرینہ خواب پورا ہونے کی امید بندھ گئی ہے ۔ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کے علاوہ پولیس فائرنگ ٹریننگ سینٹر اور ہارس رائڈنگ (گھڑسواری) سینٹر کے لئے بھی مقامات کی نشاندہی کرلی گئی ہے ۔ کرکٹ اکیڈیمی تعمیر کرنے کے لئے مینگلور یونیورسٹی کے قریب واقع 22 ایکڑ زمین مختص کردی گئی ہے جہاں ایک نہایت ہی جدید اور اعلیٰ معیار کا کرکٹ اسٹیڈیم تعمیر ہوگا ۔ سابق ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر کے وی راجیندرا نے اس کا ڈیزائن تیار کرکے تجویز حکومت کو بھیجی تھی ۔ پتہ چلا ہے کہ ریاستی حکومت پہلے میسورو کے لئے ایک اسٹیڈیم کو منظوری دے گی اور اس کے بعد منگلورو میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کو منظوری دی جائے گی ۔ کرناٹکا اسٹیٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ حکومت کی منظوری اور زمین تحویل میں آتے ہی تعمیر کا کام شروع ہوگا ۔ اس منصوبہ کی تفصیلی رپورٹ (ڈی پی آر) تیار کی جا رہی ہے اور توقع ہے کہ اس کی تعمیر 3 سال کے عرصہ میں مکمل ہوجائے گی ۔ بتایا جاتا ہے کہ بونڈیل کے علاقے میں ہارس رائڈنگ سینٹر اور پولیس فائرنگ ٹریننگ سینٹرتعمیر کرنے کیلئے نیو منگلورو پورٹ سے متعلقہ 5 ایکڑ پلاٹ کی نشاندہی کی گئی ہے۔
