چندرشیکھرکی موت پر حتمی فیصلے نہ لیں،وزیر اعلیٰ کی پولیس کو ہدایت

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
داونگیرے:۔وزیر اعلیٰ کے سیاسی سکریٹری اور ہونالی اسمبلی حلقے کے رکن اسمبلی رینوکاچاریہ کے بھتیجے کی موت کے تعلق سے محکمہ پولیس حتمی فیصلہ نہ لیں بلکہ مکمل تحقیقات اور وجوہات کے بعد ہی اس تعلق سے تفصیلات د یں ۔یہ ہدایت وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے داونگیرے ایس پی کو دی ہے۔انہوں نے آج رینوکا چاریہ کے گھر ان سے تعزیتی ملاقات کرنے کے بعدنامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ایک نوجوان کی موت سے ہمیں بہت زیادہ افسوس ہوا ہے ، رینوکاچاریہ کے بھتیجے کی موت میرے لئے غم کا باعث ہے،میں یہاں وزیر اعلیٰ نہیں بلکہ بھائی کے طورپر تعزیت دینے کیلئے پہنچا ہوں۔مزیدانہوں نے کہاکہ تحقیقات جاری ہے،یہ قتل ہے یا حادثہ اس تعلق سے ابھی فیصلہ نہیں کیاجاسکتا،کارکی حالت دیکھی جائے تو وہ حادثہ ہے،لیکن پس منظر کا جائزہ لیاجائے تو قتل مانا جاسکتاہے،ان دونوں زایوں کو سامنے رکھتے ہوئے پولیس تحقیقات کریگی۔شواہد بہت اہم ہیں،سوال یہ بھی ہے کہ چندرشیکھرکارکی پچھلی سیٹ پر کیسے پہنچے،ان کے سرکے بال گرے ہوئے تھے ،کارکا اگلا شیشہ ٹوٹا ہواتھا،جبکہ پچھلے شیشے کو نقصان نہیں پہنچاتھا۔جانچ افسران کو ابھی پوسٹ مارٹم رپورٹ نہیں ملی ہے،اس کے علاوہ ایف ایس ایل رپورٹ بھی ضروری ہے۔پولیس کو انہوں نے ہدایت دی کہ جب تک معاملے کی مکمل چھان بین نہیں ہوتی اُس وقت تک کوئی فیصلہ نہ لیں۔