دہلی :۔ ملک میں طویل عرصہ سے جاری بحث کے درمیان یونیفارم سول کوڈ کی تجویز راجیہ سبھا میں پیش کردی گئی ہے ۔ سرمائی اجلاس کے دوران راجیہ سبھا میں یو سی سی پر پرائیویٹ ممبر بل پیش کیا گیا ہے ۔ بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ کروڑی لال مینا نے راجیہ سبھا میں یو سی سی پر پرائیویٹ بل پیش کیا ہے ۔ اس کو لے کر پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی شروع ہوگئی ۔ اپوزیشن نے اس بل کی جم کر مخالفت کی ہے ۔راجستھان سے بی جے پی کی ممبر پارلیمنٹ کروڑی لال مینا نے جمعہ کو راجیہ سبھا میں پرائیویٹ بل پیش کیا ۔ راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے اراکین نے جم کر اس بل کی مخالفت کی ۔ شور شرابہ کے درمیان راجیہ سبھا میں پیش ہوگیا ۔قابل ذکر ہے کہ یو سی سی بی جے پی کے انتخابی وعدوں میں سے ایک ہے ۔ بی جے پی کی حکومت والی کئی ریاستوں میں یو سی سی کی کارروائی شروع ہوچکی ہے ۔ حال ہی میں مدھیہ پردیش کی سرکار نے ریاست میں یونیفارم سول کوڈ لاگو کرنے کے اشارے دئے تھے ۔وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان نے اس کیلئے ایک کمیٹی تشکیل کردی ہے ۔ پچھلے ہفتہ وزیر اعلی شیوراج نے کہا تھا کہ میں اس بات کے حق میں ہوں کہ ہندوستان میں اب وقت آگیا ہے کہ کامن سول کوڈ لاگو ہونا چاہئے ۔ ایک سے زیادہ شادی کیوں کرے کوئی، مدھیہ پردیش میں بھی کمیٹی بنا رہا ہوں ۔
