شیموگہ :۔پورے ملک میں بارش کی وجہ سے پیداواری مراکز سے سپلائی میں دشواری کے سبب ٹماٹر کی ریٹل قیمت 100 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ یہاں کی اے پی ایم سی میں منگل کوٹماٹر کی ہول سیل قیمت معیار کے لحاظ سے80 سے90 روپے فی کلو کے درمیان ہے اس کی وجہ سے ریٹل ٹماٹرکی قیمت 100 روپئے فی کلو ہوگئی ہے،اس وجہ سے عام لوگ پریشانی کا شکار ہیں۔صرف ٹماٹرکی قیمتیں ہی آسمان نہیں چھورہی ہیں بلکہ ہری مرچ کی قیمتیں بھی لوگوں کو رلارہی ہیں ، ہر ی مرچ کی قیمت 100 تا120 روپئے فی کلو پہنچ گئی ہے،وہیں بینس 100روپئے فی کلو،ڈبل بینس100 روپئےفی کلوسمیت دیگر سبزیوں کی قیمتیں بھی عام لوگوں کے بجٹ سے باہرہوچکی ہیں۔واضح ہوکہ بارش کی وجہ سے ملک کی بیشتر ریاستوں سے ٹماٹر کی سپلائی تیزی سے ختم ہو گئی ہے ۔ ریاستوں میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے جس سے فصل کی کٹائی اور نقل و حمل متاثر ہو رہی ہے۔ تاجروں کو مہاراشٹرا اور کرناٹک کے پیداواری مراکز سے ٹماٹر کی مناسب سپلائی نہیں ہو رہی ہے جس کی وجہ سے قیمتیں بہت زیادہ چل رہی ہیں۔
