شیموگہ:شکتی منصوبے کے بعد ہر دن32 ہزارمسافرکررہے ہیںسفر،9/لاکھ روپئے کا منافع

ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:۔سرکاری بسوں میں خواتین کو مفت میں سفرکرنے کیلئے اسکیم شکتی جاری کئے جانے کے بعد ہر دن ضلع میں 32 ہزار مسافر کررہے ہیں،ایسے میں شیموگہ بس ڈیپونے مزید پچاس بسوں کو جاری کرنے کیلئے کے ایس آر ٹی سی کے ڈیویژنل دفتر سے مطالبہ کیاہے۔10 جون سے جاری ہونےوالے شکتی منصوبے سے قبل ہر دن شیموگہ ضلع میں 92 ہزار مسافر کیاکرتے تھے،اب یہ تعداد بڑھ کر1 لاکھ24 ہزار تک بڑھ چکی ہے،جس سے32 ہزار مسافروں کی تعدادمیں اضافہ ہواہے۔مسافروں کی آمدورفت کو دیکھتے ہوئے ہری ہر،ساگر،چتردرگہ اور بھدراوتی کیلئے دس ٹرپ بسوں کو زیادہ دوڑایاجارہاہے ۔کے ایس آر ٹی سی کے ڈیویژنل کنٹرولر وجئے کمار کاکہناہے کہ ضلع میں مسافروں کی آمدورفت زیادہ ہوئی ہے،پہلے شیموگہ ڈیپوکوہر دن42 لاکھ روپئے کی آمدنی ہواکرتی تھی،اب یہ آمدنی بڑھ کر51 لاکھ روپئے ہوئی ہے۔افزود بسوں کےعلاوہ ہم مزید150 اہلکاروں کو بھی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے،اُمیدہے کہ حکومت اس پر غور کریگی۔کے ایس آر ٹی سی کے ذریعے شیموگہ ضلع کے تیرتھ ہلی،ہوسنگر،سورب ، شکاری پورتعلقہ سے بھی بسوں کی فراہمی کا مطالبہ ہورہا ہے ، خصوصاً سورب تعلقہ سے بسوں کا مطالبہ زیادہ ہے ، اب تک 25 درخواستیں آئی ہیں،آنےوالے دنوں میں ان درخواستوں میں اضافہ ہوسکتاہے۔جن علاقوں میں پرائیوئٹ بس کا روٹ ہے،وہاں پر سرکاری بسوں کو جاری کرنے کیلئے بھی مطالبہ ہورہاہے۔شیموگہ ضلع میں جملہ358 روٹ کیلئے314بس دستیاب ہیں، جبکہ44 لکژوری بس ڈیپومیں دستیاب ہیں۔شکتی منصوبے کےرائج ہونے کے بعد لکژوری بسوں میں سفرکرنے کی شرح10 فیصدکمی ہوئی ہے۔کے ایس آر ٹی سی میں بڑھتی ہوئی مسافروں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے نجی بس مالکان نےبھی اس بات کا مطالبہ کیاہے کہ ان کی بسوں کو بھی شکتی منصوبے کے تحت شامل کیاجائے۔بس مالکان کاکہناہے کہ ہمیں شکتی منصوبے سے کوئی اعتراض نہیں،البتہ ہماری بسوں کو بھی اس سہولت سے آراستہ کیاجائیگا تو ہمیں کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔