بھٹکل:۔ مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے نائب صدر ایس ایم سید محی الدین مارکیٹ اب مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے صدر منتخب ہوئے ہیں ۔ جماعت کے دفتر میں منعقدہ انتظامیہ میٹنگ میں انہیں اس عہدہ کےلئے بالاتفاق رائے منتخب کیا گیا۔ یاد رہے کہ خلیفہ جماعت المسلمین کے صدر صدیق محمد میراں گذشتہ ماہ انتقا ل کرگئے تھے ، جس کے بعد منعقدہ انتظامیہ میٹنگ میںایس ایم سید محی الدین مارکیٹ کو اس اہم عہدہ کیلئے منتخب کیا گیا۔سید محی الدین طویل مدت سے اس جماعت کے ذمہ داران میں شامل ہیں، ساتھ ساتھ آپ جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے ارکان شوری ، مجلس اصلاح و تنظیم کے سرپرست جبکہ قومی تعلیمی ادارہ انجمن حامئی مسلمین بھٹکل کی بھی مجلس انتظامیہ کے رکن ہیں۔ آپ مدراس جماعت کے بھی صدر ہیں۔جماعت کی انتظامیہ کی اس اہم میٹنگ میں سعدا محمد میراں کو مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کے عہدہ سرپرست کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ موصوف مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل کی گذشتہ میعاد میںجنرل سکریٹری کے عہدہ پر فائز رہ کرخاموش طبیعت کے ساتھ خداد اد صلاحیتوں کے ذریعہ کئی منصوبوں کو بروئے کار لاتے ہوئے جماعت کے استحکام و ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا تھا، موصوف اس سے قبل دو میعاد میں سکریٹری کے عہدہ پربھی رہ کر خدمات انجام دے چکے ہیں۔
