ہَمپی/شیموگہ؛۔حال ہی میں منعقدہ ہَمپی کنڑا یونیورسٹی کے کانووکیشن تقریب میں رخسانہ فردوس خانم کو پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازا گیا۔ یہ اعزاز انہیں کرناٹک کے معزز گورنر تھاور چند گہلوت کے ہاتھوں عطا کیا گیا۔ رخسانہ فردوس شیموگہ ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے سابق صدر اور کے پی سی سی مائناریٹی شعبے کے سکریٹری حبیب اللہ بسونگڈی کی اہلیہ ہیں ۔ اس پروقار تقریب میں ریاستی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم سی یم سدھاکر ، یونیورسٹی کے وائس چانسلر پراشیوامورتی اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔رخسانہ فردوس خانم، جو شیموگہ کے کستوربا پری یونیورسٹی کالج میں کنڑا کی لکچرر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں، نے اپنا تحقیقی مقالہ ہَمپی کنڑا یونیورسٹی کے شعبہ کنڑا کے ڈاکٹر کے۔ نارائن سوامی کی نگرانی میں مکمل کیا۔ ان کے مقالے کا موضوع "کنڑا – اردو دو لسانی مطالعہ (شیموگہ کے پس منظر میں) تھا، جس پر انہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کی گئی۔خصوصی طور پر قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ رخسانہ فردوس خانم کی مادری زبان اردو ہے، اس کے باوجود انہوں نے نہ صرف کنڑا زبان میں مہارت حاصل کی بلکہ اسی زبان میں اعلیٰ سطح کا تحقیقی مقالہ تحریر کر کے ایک مثالی کارنامہ انجام دیا۔ دو مختلف زبانوں اور ثقافتوں کے درمیان علمی پل قائم کرنا ان کی محنت، لگن اور تعلیمی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان کی یہ کامیابی اس بات کی روشن مثال ہے کہ محنت اور عزم کے ذریعے زبان کی کوئی رکاوٹ ترقی کی راہ میں حائل نہیں ہو سکتی۔یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ رخسانہ فردوس خانم سابق شیموگہ ضلع وقف بورڈ کے چیئرمین حبیب اللہ کی اہلیہ ہیں۔ ان کی یہ نمایاں کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے شیموگہ علاقے کے لئے باعثِ فخر ہے۔
