ویرودھونگر:۔ٹاملناڈو کے ضلع ویرودھونگر میں ایک نجی پٹاخہ فیکٹری میں زبردست دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 23 افراد ہلاک جبکہ کئی دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ کٹونارپٹی علاقے میں واقع ونجا فائرکرکر فیکٹری میں پیش آیا، جو مٹھومونیکم نامی شخص کی ملکیت ہے۔ ضلعی انتظامیہ سے منظور شدہ اس فیکٹری میں 30 سے زائد مزدور کام کرتے تھے اور یہاں 10 سے زیادہ کمروں میں پٹاخے تیار کیے جاتے تھے۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق اتوار کے دن تعطیل ہونے کے باعث فیکٹری کے اندرونی کمروں کے بجائے سامنے کے برآمدے میں پٹاخہ سازی اور خام مال کی ہینڈلنگ کا کام جاری تھا۔ اسی دوران ممکنہ طور پر آتش گیر مواد کے درمیان رگڑ کے باعث اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے چند ہی لمحوں میں پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور ایک زوردار دھماکہ ہوا۔دھماکے کے نتیجے میں 23 مزدور موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ 6 افراد شدید زخمی ہوئے جنہیں ویرودھونگر گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں سے چار کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ واقعہ کے بعد فائر اینڈ ریسکیو سروسز کے اہلکار کئی گھنٹوں سے جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ مکمل تفصیلات ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گی۔ اس المناک حادثے پر صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔اسی طرح وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی اس سانحے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے ہمدردی کا اظہار کیا۔ چیف منسٹر ٹاملناڈو ایم کے اسٹالن نے بھی جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے متعلقہ وزراء کو فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کاموں کی نگرانی کی ہدایت دی ہے، جبکہ ضلعی کلکٹر کو تمام ضروری امدادی اقدامات یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔
