یوپی کے کاس گنج میں بھیانک سڑک حادثہ:22افرادہلاک

سلائیڈر نیشنل نیوز

کاس گنج: اترپردیش کے کاس گنج ضلع کے کوتوالی پٹیالی علاقے میں دریاب گنج کے قریب گدھائی گاؤں میں عقیدت مندوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی بے قابو ہوکر سڑک کے کنارے ایک تالاب میں الٹ گئی۔ کاس گنج کے سی ایم او نے بتایا کہ اس حادثے میں 22 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ پانچ افراد اسپتال میں داخل ہیں، جب کہ دو افراد کو گھر بھیج دیا گیا ہے۔ ٹریکٹر ٹرالی میں سفر کرنے والے سبھی عقیدت مند ماگھ پورنیما پر گنگا میں نہانے جا رہے تھے۔ مرنے والوں میں بچے، خواتین اور مرد بھی شامل ہیں۔ ٹریکٹر ٹرالی کے الٹتے ہی موقع پر کہرام مچ گیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس انتظامیہ کے اعلیٰ حکام بھی موقع پر پہنچ گئے۔تمام مرنے والوں کا تعلق ایٹا ضلع کے جیٹھرا علاقہ سے بتایا جاتا ہے۔ سی ایم یوگی نے کاس گنج میں سڑک حادثہ کا نوٹس لیا ہے۔ انہوں نے مہلوکین کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔ سی ایم یوگی نے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو پچاس ہزار روپے دینے کی ہدایت دی ہے۔ اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے تمام زخمیوں کا مناسب مفت علاج کرانے کی بھی ہدایت کی ہے۔کاس گنج میں حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کابینہ کے وزیر لکشمی نارائن چودھری اور ریاستی وزیر انوپ پردھان والمیکی کو فوری طور پر موقع پر پہنچنے، امدادی کاموں میں تیزی لانے اور متاثرین کے مناسب علاج کے لیے تمام ضروری انتظامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔وزیراعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کو موقع پر پہنچ کر امدادی کاموں میں تیزی لانے کی ہدایت کی۔ علی گڑھ رینج کے آئی جی شلبھ ماتھر نے سنیچر کو کاس گنج ٹریکٹر ٹرالی حادثے کے بارے میں جانکاری دی۔ جائے وقوعہ پر آس پاس لوگوں کی بڑی بھیڑ ہے۔ اس واقعہ نے سنسنی پھیل گئی ہے۔