شیموگہ؛۔کرناٹک میں اسکول اور کالجوں میں حجاب پر عائد پابندی واپس لینے کے حکومتی فیصلے کو مسلم برادری کی تنظیمی جدوجہد کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کرناٹکا مائناریٹی فورمکے صدر اور مسلم رہنما سید مجیب اللہ نے اس فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ حجاب صرف ایک لباس نہیں بلکہ اسلامی مذہبی عمل کا حصہ ہے۔ آئینِ ہند ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کی آزادی دیتا ہے، لیکن حجاب پابندی کے باعث کئی مسلم طالبات کی تعلیم متاثر ہوئی تھی اور مسلم برادری کی مذہبی آزادی پر ضرب لگی تھی۔سید مجیب اللہ نے کہا کہ اسکولوں اور کالجوں میں حجاب پابندی ختم کرنے کے مطالبہ پر ریاست بھر میں مسلم برادری نے متحد ہو کر منظم انداز میں احتجاج اور جدوجہد کی تھی، جس کے نتیجے میں حکومت نے اب یہ پابندی واپس لے لی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ تنظیم، اتحاد اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے ہی اپنے حقوق حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ اسی لئے مسلم سماج کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لئے تنظیمی طاقت اور جدوجہد کو ہمیشہ زندہ رکھے۔
