شیموگہ ؛۔ ریاستی حکومت نے اسکول اور کالجوں کے طالبات کے حجاب پہننے کے سابقہ احکامات کو مسترد کرتے ہوئے حجاب پہننے کی جو آزادی د ی ہے وہ کسی کے دبائو یا خوفزدہ ہوکر نہیں ہے بلکہ کانگریس پارٹی نے الیکشن کے موقع پر جو وعدہ کیا تھا اس کے مطابق لیا گیا فیصلہ ہے ، اس بات کااظہار شیموگہ سائو تھ بلاک کانگریس پارٹی کے صدر کلیم پاشاہ نے کیا ہے ۔ انہوں نے اس سلسلے میں اخباری بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ اقلیتوں کی فلاح و بہبودی کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کیا ہے ، اسی طرح سابقہ بی جے پی حکومت نے مسلم لڑکیوں کے حجاب پر پابندی عائد کرتے ہوئے مسلمانوں کے مذہبی حقوق کو پامال کیا تھا ، اسی حق کو واپس دلانے کا فیصلہ کانگریس پارٹی نے الیکشن سے پہلے ہی کیا تھا ، لیکن قانونی رکاوٹوں کی وجہ سے اس میں تاخیر ہورہی تھی جسے دور کرتے ہوئے کانگریس حکومت نے نہ صرف مسلم لڑکیوں کے حجاب کے لئے آزادی دی ہے بلکہ دیگر مذاہب کے مذہبی نشانیوں کو بھی استعمال کرنے کی اجازت دی ہے ، یہ کانگریس پارٹی کے سیکولرزم کی اعلیٰ مثال ہے ، لیکن بعض سیاستدان اور تنظیمیں یہ کہہ رہی ہیں کہ مسلمانوں سے خوفزدہ ہوکر کانگریس پارٹی نے یہ قدم اٹھایا ہے اور بعض لوگ دوسری سیاسی جماعتوں کا حوالہ دے کر اس فیصلے کو لئے جانے کی بات کررہے ہیں جوکہ سچائی سے دور ہے ۔ مزید انہوںنے کہا کہ عنقریب کانگریس پارٹی مسلمانوں سے کئے گئے وعدے بھی پورے کریگی اور ہر کام کے لئے وقت اور تیاری ضروری ہوتی ہے ۔ انہوںنے پوری ریاست کے مسلمانوں کی جانب سے ریاستی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے ۔
