اڈپی :۔ اڈپی لیگل آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے رہیں ممتاز نے جج کے امتحان میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ضلعی جج کا عہد حاصل کیا ہے۔ فروری۔ مارچ میں جج کا امتحان ہوا تھا۔ جس میں ریاست کے 12 امیدواروں میں ممتاز نے پہلا رینک حاصل کیا ہے جس سے انہیں ضلعی جج کا عہدہ حاصل ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی ممتاز پہلی مسلم خاتون ہوںگی جو ضلعی جج کے عہدے کیلئے راست تقرر کی جائیگی۔ ممتاز کا تعلق مولکی گائوں سے ہے۔ وہ اتیجمہ اور عبدالرحمن کی بیٹی ہیں۔ انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم گائوں میںہی انجام دیں اسکے بعد ایل ایل بی کی ڈگری منگلور کی ایس ڈی ایم لاء کالج سے حاصل کی اسکے علاوہ انہوں نے میسور اوپن یونیورسٹی سے پوسٹ گرایجویشن کی ڈگری حاصل کی۔ انہوں نے اپنی وکالت کا آغاز منگلور کے سابق ایم ایل سی آئی ون ڈیسوزا کے یہاں جونیئر وکیل کے طور پر کیا ۔اسکے بعد سال 2010 میں وہ بھٹکل کی جے ایم ایف سی عدالت میں بطور اے پی پی منتخب ہوئیں۔ اس کے بعد انکا تبادلہ اڈپی جے ایم ایف کورٹ کو ہوا۔ سال 2018 میں انہیں اڈپی ایس پی آفیس میں بطور اے ڈی پی یعنی لیگل آفیسر کے عہدے پر پروموشن ملا۔ اب ممتاز کا تقرر ضلعی جج کے عہدے پر ہوا ہے۔ یہ بات ملک وقوم کیلئے باعث فخر ہے۔
