پی ایم مودی کی پوری زندگی جھوٹ پر مبنی ہے:راہل گاندھی

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:(نیوز ایجنسی):۔کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی آج دہلی میں اکھل بھارتیہ مہیلا کانگریس کے یوم تاسیس پروگرام میں شامل ہوئے۔ انھوں نے اس موقع پر اکھل بھارتیہ مہیلا کانگریس کے نئے لوگو کا اجراء بھی کیا۔ اس دوران کارکنان کو خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی اور بی جے پی حکومت پر خوب حملہ کیا۔ انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کی پوری زندگی جھوٹ پر مبنی ہے، یہی وجہ ہے کہ نریندر مودی کو سچ سے ڈر لگتا ہے۔راہل گاندھی نے تقریب کے دوران کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اپنے کمرے میں بیٹھے ہوئے ڈر کے مارے کانپتے رہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مودی حکومت نے اس وقت سماج کے ہر طبقہ کو ڈرا کر رکھا ہوا ہے۔ کسان ڈرے ہوئے ہیں، خواتین ڈری ہوئی ہیں۔ ایسا اس لیے کیونکہ نریندر مودی نے ان کے گھروں سے لکشمی اور درگا کو باہر نکال دیا ہے۔راہل گاندھی نے چین سے متعلق کارروائی کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ چین نے ہزاروں کلو میٹر کی زمین ہضم کر لی، لیکن نریندر مودی چین سے ڈر کے مارے یہ کہتے رہے کہ سب ٹھیک ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’یہ خوف کی نشانی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’نریندر مودی ڈرتے ہیں، کیونکہ ان کی پوری زندگی ہی جھوٹ سے تعبیر ہے۔‘‘کانگریس کی خاتون وِنگ کو خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’کانگریس نے ہمیشہ سے ہی خواتین کی خود مختاری پر زور دیا۔ لیکن آر ایس ایس یا بی جے پی کو خواتین کو مضبوط کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔‘‘ راہل گاندھی نے سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ایک خاتون کو وزیر اعظم بنایا، لیکن بی جے پی نے ایسا نہیں کیا۔راہل گاندھی نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’مودی حکومت نے لکشمی کی شکتی اور درگا کی شکتی پر حملہ کیا ہے۔‘‘ انھوں نے الزام عائد کیا کہ ’’وہ (آر ایس ایس اور بی جے پی) خود کو ہندو پارٹی کہتے ہیں اور لکشمی جی اور ماں درگا پر حملہ کرتے ہیں۔ پھر کہتے ہیں کہ وہ ہندو ہیں۔ یہ لوگ جھوٹے ہندو ہیں۔ یہ لوگ ہندو نہیں ہیں۔ یہ ہندو مذہب کا استعمال کرتے ہیں۔‘‘