شیموگہ سائوتھ بلاک کانگریس کی صدارت کیلئے امیدواروں کی بھاگ دوڑ،چار مسلمان دوڑمیں

اسٹیٹ نیوز ڈ سٹرکٹ نیوز سلائیڈر
شیموگہ:(انقلاب نیوزبیورو):۔شیموگہ سائوتھ بلاک کانگریس کے صدرکے عہدے کیلئے شیموگہ ضلع کانگریس میں رسہ کشی چل رہی ہے اور ہر کوئی سائوتھ بلاک کانگریس کی صدارت حاصل کرنےکی دوڑمیں لگاہواہے۔لیکن اس حلقے سے مسلم امیدوار کو سائوتھ بلاک کانگریس کا صدربنانے کی تیاری کی جارہی ہے ،کیونکہ اس حلقے میں مسلمان ہی اکثریتی طبقے کے لوگ ہیں او راس سےپہلے بھی مسلمانوں کو اس حلقے کے صدرکے طور پر منتخب کرنے کیلئے مطالبہ کیاجاتا رہاہے۔شیموگہ سٹی کانگریس کو سائوتھ بلاک اورنارتھ بلاک میں تقسیم کیاگیاہے،جس کی وجہ سے سائوتھ بلاک کو اقلیتی زمرے میں شمارکیاجاتاہے،جبکہ نارتھ بلاک میں اقلیتی طبقے کے لوگ بہت ہی کم ہیں۔سائوتھ بلاک کانگریس کے صدربننے کیلئے اس وقت کانگریس پارٹی کے چار اہم مسلم کارکنوں کانام ہائی کمان میں گھوم رہاہے جبکہ سابق سائوتھ بلاک صدر کاشی وشواناتھ بھی اس عہدے کو دوبارہ حاصل کرنے کی دوڑمیں لگے ہوئے ہیں۔کارپوریٹر شاہ میر خان،سابق کارپوریٹر آصف مسعود،ضلع کانگریس کے سکریٹری نیتا جی محمد اقبال اور محمد نہال(نیلو) سائوتھ بلاک کانگریس کی صدارت کے دعویدارہیں۔شاہ میر خان نے اپنی گذشتہ فتح اور موجودہ کارپوریٹر کا حوالہ دیکر سائوتھ بلاک کانگریس کے صدربننے کی گذارش کی ہے جبکہ آصف مسعود کانگریس پارٹی میں نوجوان ہونے کے علاوہ سابق ایم ایل اے،موجودہ ایم ایل سی اور دیگر کانگریسی کے ساتھ اثرو رسوخ رکھتے ہیں،جس کی وجہ سے وہ بھی مضبوط دعویدارمانے جارہے ہیں،جبکہ نیتاجی اقبال کیلئے یہاں کے سینئرلیڈروں نے سفارش کی ہے۔محمد نہال(نیلو) جو کانگریس اقلیتی شعبہ سٹی سیل کے صدرہیں،اُن کا نام بھی ہائی کمان کی دہلیزمیں ہے۔جملہ چار افراد کی کوششیں آخر کسےصدارت کی کُرسی بٹھائینگی یہ دیکھنے کی بات ہے۔ان کے علاوہ اور بھی کئی اقلیتی لیڈروں کواپنی دعویداری پیش کی تھی لیکن اُن کے نام شیموگہ تک ہی محدود رہے۔شیموگہ ضلع کانگریس کے ضلع نگران دھروا نارائن کے مطابق عنقریب سائوتھ بلاک کانگریس کے صدرکی تقرری کو حتمی شکل دی جائیگی۔ غور طلب بات یہ ہے کہ سائوتھ بلاک کانگریس کا پلڑا اگر مضبوط ہوتاہے تو تب بھی کانگریس پارٹی اسمبلی انتخابات میں شیموگہ حلقے میں کامیاب ہوتی ہے یا پھر کامیابی کے قریب پہنچتی ہے۔اس دفعہ کانگریس اقلیتوں کے ذمہ اس بلاک کو سونپ کر کانگریس کے اقلیتی لیڈروں کو بڑی ذمہ داری دینے کی کوشش کررہی ہے۔حالانکہ اس سے پہلےفیاض احمد،قاضی محمد عثمان جیسے لیڈروں کو بھی سائوتھ بلاک کانگریس کی صدارت دینے کی کوشش ہوئی تھی،لیکن ان لیڈروں نے کانگریس کے دیگر رہنمائوں کیلئے اس عہدے کی قربانی دی اور جن لیڈروں نے اس قربانی کا فائدہ اٹھایا وہ رکن اسمبلی بننے میں کامیاب رہے،جن میں اہم نام سرینواس اور کے بی پرسنناکمار ہیں۔