بھٹکل:۔ بھٹکل جے ایم ایف سی عدالت نے شہر کے مخدوم کالونی میں واقع جماعت المسلمین ادارے کی ملکیت والی اُردو اسکول کی عمارت کا 1لاکھ 50ہزار روپئےکرایہ ادا نہ کئے جانے پر محکمہ تعلیمات کے بی ای اؤ دفتر کی اشیاء اور بی ای او کی سواری کو ضبط کرلینے کا حکم صادر کرنے کے بعدآج جمعرات کو عدالت کے بیلف گنپتی نے اشیاء کو ضبط کرلیاہے۔ عدالت کے بیلف کی نگرانی میں بی ای اؤ دفتر سے ضبط کردہ اشیاء میں 9کمپیوٹرس،66 فائبر کرسیاں ، 26 دیگر کرسیاں، 26ٹیبل، 1سواری اور 2میٹل ٹیبل شامل ہیں۔ اس دوران بی ای اؤ دیوی داس موگیر نے جماعت المسلمین بھٹکل کے عہدیداران سے کرایہ اداکرنےکیلئے ایک ماہ کی مہلت مانگی تو جماعت کے عہدیداران نےکہاکہ ہم عدالتی حکم کی خلاف ورزی نہیں کرسکتے۔محکمہ تعلیمات 1972سے مخدوم کالونی میں واقع جماعت المسلمین بھٹکل کی زیرسرپرستی چلنے والے اُردو اسکول کو ماہانہ 111روپئے کرایہ پر لے کر گذشتہ 40برسوں سے سرکاری اردو اسکول چلا رہی ہے۔ 1983-84 میں عمارت کی توسیع کرنے کے بعد 100 روپئے اضافہ کرتےہوئے ماہانہ کرایہ 332 روپئے کے تحت معاہدہ کیاگیا تھا۔ اس وقت تھوڑے عرصے کا کرایہ ادا کرنے کے بعد کرایہ روک دیا گیا تو جماعت نے 2005 میں سالانہ 8916روپئے کرایے کی رقم کا مطالبہ کرتے ہوئے عدالت کا دروازہ کھٹکٹایا۔عدالت نے کیس نمبر 56/2019کے مطابق سنوائی کرتےہوئے 2012 میں محکمہ تعلیمات کو حکم دیا کہ سالانہ 8916روپئے کرایہ اور 2498 روپئے نگرانی خرچ ادا کیاجائے۔ لیکن محکمہ تعلیمات نے عدالتی حکم کی ان دیکھی کرتےہوئے کرایہ ادا کرنےکی طرف توجہ نہیں دی۔ اس پر سوال اٹھاتےہوئے جماعت نے 2019میں دوبارہ عدالت سے رجوع کیا۔ عدالت نے معاملےکی سنوائی کرتےہوئے 9ستمبر کو حکم جاری کیا کہ بی ای اؤ دفتر کے اشیاء اور سواری کو ضبط کرلیاجائے، جس پر کارروائی کرتے ہوئے آج جمعرات 28 اکتوبر کو عدالتی لوگ ساگر روڈ پر واقع بلاک ایجوکیشن آفس پہنچے اور عدالت کا حکمنامہ بی ای او کو دکھاتے ہوئے دفتر کی اشیاء اپنی تحویل میں لینا شروع کیا۔ موقع پر موجود بلاک ایجوکیشن آفیسر دیوی داس موگیر نے کرایہ ادا کرنےکیلئے جماعت کے ذمہ داران سے وقت مانگا تو جماعت کے ذمہ داران اور عدالتی عملے نے کہا کہ وہ عدالت کے حکم کے خلاف نہیں جاسکتے۔دوپہر قریب ایک بجے تمام سامان کو دوگاڑیوں پر پر لاد کر بھٹکل عدالت لے جایا گیا۔ مخدوم کالونی جماعت کی طرف سے ایڈوکیٹ آرجی نائک سرپن کٹانے پیروی کی۔جماعت المسلمین بھٹکل کے صدر صادق مٹانے ساحل آن لائن سے بات کرتےہوئے کہاکہ اس معاملے نے پوری ریاست میں محکمہ تعلیمات کا سر جھکا دیا ہے۔ کیونکہ محکمہ تعلیمات کی طرف سے کرایہ ادا نہ کرنے سے معاملہ عدالت میں پہنچا تھا۔ عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنےپر بلاک ایجوکیشن آفس کے سامانوں کی ضبطی کا حکم دیاگیا تو غورکرنا چاہئے کہ ہماراانتظام کس حد تک بگڑا ہواہے۔
