قومی پہلوان اور کُشتی میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والی نِشاء داہیا قتل

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔ قومی سطح  کی پہلوان اور کُشتی کے انٹرنیشنل مقابلوں  میں ملک کا نام روشن کرنے والی  ریسلر نشاء داہیا  کا آج بدھ کو نامعلوم لوگوں نے قتل کردیا ہے۔ میڈیا میں آئی رپورٹوں کے مطابق  واردات ہریانہ کے سونی پت گاوں ہلال پور میں ریسلنگ اکیڈمی میں  پیش آئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ  نامعلوم لوگوں نے اس پر اور اس کےساتھ موجود بھائی پر گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس میں نشاء داہیا سمیت اس کے بھائی نے جائے وقوع پر ہی دم توڑ دیا، جبکہ  ان کے ساتھ موجود ان کی ماں کو بھی گولیاں لگی ہیں اور اس کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔ خبروں کے مطابق ان کی  ماں دھن پتی کی حالت نازک ہے اور انہیں روہتک پی جی آئی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ فائرنگ کی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی ہے۔خبروں کے مطابق پولیس نے لاشوں کو قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے سول اسپتال سونی پت بھیج دیا ہے۔ کھرکوڑہ پولیس معاملے کی تفتیش کررہی ہے۔ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق گذشتہ جمعہ کو ہی بلگریڈ ، سربیا میں منعقدہ کُشتی کے انڈر۔23 ورلڈ ریسلنگ چمپن شپ میں نشاء نے 65 کلو وزنی زمرے میں انڈیا کیلئے برونز میڈل حاصل کیا تھا جس پر وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں مبارکباد پیش کی تھی۔ کُشتی کے مقابلوں میں نشاء داہیا نیشنل اور انٹرنیشنل چمپئن شپ میں نہایت کامیاب ثابت ہوئی تھی، انہوں نے سن  2014 اور 2015  کے نیشنل چمپن شپ کُشتی مقابلوں میں  گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ انہوں نے 2014 میں ایشین  چمپن شپ میں حصہ لیتے ہوئے 49 کلو وزنی زمرے میں کانسہ کا تمغہ حاصل کرکے  اپنے لئے پہلا انٹرنیشنل تمغہ پایا تھا ۔ جبکہ اگلے ہی سال 2015 میں انہوں نے 60 کلو وزنی زمرے میں سلور میڈل حاصل کیا تھا۔