بنگلورو:۔مختلف کنڑ تنظیموں نے مہاراشٹر انٹیگریشن کمیٹی (ایم ای ایس) پر پابندی کا مطالبہ کرنے کیلئےریلی نکالی ہے۔ تنظیموں کے فیڈریشن نے 31 دسمبر کو کرناٹک بند کااعلان دی کیا ہے۔ فیڈریشن کے صدر وٹل ناگراج نے ایک نجی ہوٹل میں کنڑ تنظیموں کے عہدیداروں سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایم ای ایس پر پابندی لگانے کے لیے 29 دسمبر کی آدھی رات تک کا وقت دیا گیا ہے۔ اگر حکومت پابندیاں لگانے میں ناکام رہی تو 31 دسمبر کی صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک کرناٹک بند رہےگا۔مزید انہوں نےکہاکہ یہ ریاست کی عزت نفس کا سوال ہے۔ پچھلے 70 سالوں سے ایم ای ایس کنڑ شہریوں پر حملہ کر رہی ہے۔ سرکاری گاڑیوں کو نقصان پہنچا کر حکومت پر حملہ کیا گیا ہے۔ ایسے واقعات کو دیکھ کر کوئی خاموش نہیں رہ سکتا۔ناگراج نے کہا کہ ریاست کی زمین، زبان، سرحد اور ثقافت کی حفاظت تنظیموں کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ حکومت نے کنڑ تنظیموں کے احتجاج پر کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔ ان مقدمات کو واپس لیا جائے۔ اب تک 35 مختلف تنظیموں نے بند کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ بند کے دوران نئے سال کی تقریبات اور دیگر پروگراموں میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی جائے گی۔بتایا جاتا ہے کہ میٹنگ کے درمیان وندے ماترم سنگٹھن کے صدر شیوکمار نائک نے نئے سال کی تقریبات کی وجہ سے 31 دسمبر کو بند نہ رکھنے کی اپیل کی۔دیگر کنڑ تنظیموں کے عہدیداروں نے شیوکمار کو میٹنگ سے باہر کردیا۔ ہنگامہ کرنے کے بعد پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔ وہیں کرناٹک رکشنا ویدیکے کے صدر نارائن گوڑا نے کہا کہ انہوں نے ابھی تک اس معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے۔ بند کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔
