ہندوستان سب سے تیزی سے کووڈ 19 ٹیکے کی 13 کروڑ خوراک دینے والاملک بنا: وزارت صحت

سلائیڈر نیشنل نیوز

دہلی:۔ہندوستان کووڈ19 ویکسین کی 13کروڑ خوراک فراہم کرنے والا سب سے تیز رفتار ملک بن گیا ہے اور وزارت صحت کے مطابق اسے ایسا کرنے میں صرف 95 دن ہی لگے۔وزارت نے کہا کہ امریکہ کووڈ 19 ویکسین کی 13 کروڑ خوراک فراہم کرنے میں 101 دن کا وقت لگا، جبکہ چین نے اس کے لئے 109 دن کا وقت لیا۔صبح 7 بجے تک کے عارضی اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کووڈ 19 ویکسین کی کل 130119310 خوراکیں دی جاچکی ہیں، جن میں سے آخری 24 گھنٹوں میں 2990197 خوراکیں دی گئیں۔ملک میں اب تک دی جانے والی خوراکوں میں سے8 ریاستوں مہاراشٹر، راجستھان، اترپردیش، گجرات، مغربی بنگال، کرناٹک، مدھیہ پردیش اور کیرالہ میں 59.25 فیصد خوراک دی گئی ہے۔وزارت نے بتایا کہ ویکسی نیشن مہم کے95 ویںدن(20 اپریل کو) 2990197 ویکسین کی خوراکیں دی گئیں، جس میں 1986711 مستفید افراد کو پہلی خوراک اور 42384 سیشن کے ذریعے 1003486 کو دوسری خوراک دی گئی۔ملک گیر ویکسی نیشن مہم 16 جنوری کو شروع ہوئی تھی، جس میں صحت سے متعلق کارکنان کو پہلے یہ ویکسین پلائی گئی تھی، جبکہ 2 فروری سے اس مہم میں فرنٹ لائن ورکرز کو بھی شامل کیا گیا تھا۔