دھرم سنسد معا ملے میں دوسری ایف آئی آر درج

سلائیڈر نیشنل نیوز
 دہرادون:۔ہریدوار میں منعقد دھرم سنسد کے سلسلے میں 10 لوگوں کے خلاف دوسری ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ مذاہب کی اس پارلیمنٹ میں مبینہ طور پر کچھ شرکاء کی طرف سے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کی گئیں۔جوالا پور کے سینئر سب انسپکٹر نتیش شرما نے بتایا کہ اس معاملے کی دوسری ایف آئی آر اتوار کو ہریدوار کے جوالا پور تھانے میں علاقے کے رہائشی ندیم علی کی شکایت کی بنیاد پر درج کی گئی۔انہوں نے کہا کہ دوسری ایف آئی آر میں دس لوگوں کے نام درج ہیں جن میں ایونٹ کے منتظمین یتی نرسمہانند گری، جتیندر نارائن تیاگی (پہلے وسیم رضوی کے نام سے جانا جاتا تھا)، سندھو ساگر، دھرماداس، پرمانند، سادھوی اناپورنا، آنند سوروپ، اشونی اپادھیائے، سریش چوہان شامل ہیں۔اہلکار نے بتایا کہ ایف آئی آر جوالا پور پولیس اسٹیشن میں درج کی گئی تھی اور اسے سٹی پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا تھا جہاں اس کیس کے سلسلے میں پہلی ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔اس معاملے کی تحقیقات کے لیے اتوار کو ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی گئی تھی۔اتراکھنڈ کی بی جے پی حکومت پر 16 سے 19 دسمبر تک ہریدوار میں منعقدہ دھرم سنسد میں مسلمانوں کے خلاف بدنیتی پر مبنی بیان دینے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا زبردست دباؤ ہے۔جمعہ اور ہفتہ کو مسلمانوں نے دہرادون اور ہریدوار میں احتجاجی جلوس نکالے اور اشتعال انگیز بیانات دینے والوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔