دہلی:۔ دہلی ہائی کورٹ نے شمال مشرقی دہلی تشدد سے متعلق ایک معاملہ میں 6 مبینہ ملزمین کو ضمانت دے دی۔ الزام لگایا گیا کہ ہجوم نے ایک مٹھائی کی دکان میں توڑ پھوڑ کی اور اس میں آگ لگا دی۔ جس کے نتیجے میں 22 سالہ لڑکا دلبر نیگی جھلس کر زخمی ہو گیا۔ اس معاملہ میں محمد طاہر، شاہ رخ، محمد فیصل، محمد شعیب، راشد اور پرویز کی ضمانت منظور کر لی گئی۔ وہیں گزشتہ ہفتے بھی ککڑڈوما کورٹ نے دہلی تشدد کے ایک معاملہ میں چار لوگوں کو بری کر دیا تھا۔عدالت نے کہا تھا کہ فسادیوں کی شناخت کے اعتبار پر استغاثہ کے دو گواہوں پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا، عدالت کے مطابق ہم کانسٹیبل اور ہیڈ کانسٹیبل کی گواہی پر بھروسہ نہیں کر سکتے۔ عدالت نے دنیش یادو، ٹنکو، ساحل اور سندیپ کو 26 فروری 2020 کے فسادات کے دوران بھاگیرتھی وہار علاقہ میں ایک مکان اور دکان میں آگ لگانے، لوٹ مار کرنے اور توڑ پھوڑ کرنے کے معاملے میں بری کر دیا تھا۔وہیں دہلی تشدد سے متعلق ایک اور معاملے میں دہلی کی ایک عدالت نے چھ لوگوں کو بری کر دیا تھا، جن کے نام امیر، صدام، محمد، رئیس ، عامر، اکرم اور وسیم ہیں۔ ان لوگوں کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 147، 148، 149، 436 اور 427 کے تحت ایف آئی آر درج کیا گیاتھا۔ واضح ہو کہ گزشتہ ماہ دہلی تشدد سے متعلق کیس میں ککڑڈوما کورٹ نے 10 ملزمان پر مقدمہ چلانے کے لیے الزامات طے کیے تھے۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا تھا کہ تشدد کے دوران جمع ہونے والی غیر قانونی بھیڑ کا مقصد لوگوں کے ذہنوں میں خوف پیدا کرنا تھا۔
