اُڈپی:حجاب کا معاملہ،پرنسپال کے خلاف عدالت جانے کیلئے این ایس یو آئی تیار

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر نمایاں
اُڈپی:۔اُڈپی سرکاری گرلس پی یو کالج میں حجاب کے معاملے کو لیکر کالج کے پرنسپال کے خلاف رٹ عرضی دائرکرنے کیلئے این ایس یو آئی تیارہے،جلدہی پرنسپال کے خلاف عدالتی کارروائی کی جائیگی۔اس بات کااظہار این ایس یو آئی کے ریاستی جنر ل سکریٹری اور ہائی کورٹ کے وکیل شتبی شیونانے کیاہے۔انہوں نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ اسکارف کے معاملے کو باہمی تال میل سے حل کرنے کیلئے طالبات پچھلے کئی دنوں سے مطالبہ کررہی ہیں،لیکن کالج انتظامیہ8 طلباء کی تعلیمی سرگرمیوں کو متاثر کرنے پر آمادہ ہے،اس تعلق سے ہائی کورٹ سے رجوع کیا جائیگا۔ اس وقت یہ معاملہ بین الاقوامی سطح پر زیر بحث ہے،اس معاملے کو حل کرنے کیلئے بنگلورو سے ایک وفد لیکر یہاں پہنچاتھا،لیکن پرنسپال اس معاملے کو سننے کے بجائے آج چھٹی پر گئے ہوئے ہیں۔اس سلسلے میں ہم نے یہاں کے ڈپٹی کمشنر کو بھی میمورنڈم دیاہواہے،پچھلے تین چار ہفتوں سے کالج کی طالبات حجاب پہننے کے معاملے کو لیکر کالج سے باہر رکھی گئی ہیں،کالج پرنسپال اور انتظامیہ کی طرف سے اٹھایاگیاقدم غیر قانونی ہے،دستورکے مطابق مسلم سماج کی کوئی بھی خاتون حجاب پہن سکتی ہے اور یہ لازمی بھی ہے،ان کا یہ بنیادی حق ہے۔شتبی شیونانے کہاکہ مسلم خواتین کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنے کیلئےدستورنے موقع دیاہے،لیکن کالج پرنسپال اور انتظامیہ طلباء کے ساتھ ناانصافی کررہے ہیں اوردھرم کی بنیاد پرد طالبات کے ساتھ تعصب برتا جارہا ہے اور طالبات مسلمان ہونے کے سبب انہیں تعلیم محروم کیاجارہا ہے ۔اس موقع پر این ایس یو آئی کے ریاستی نائب صدر فاروق بیابی نے بات کرتے ہوئے کہاکہ کالج کے پرنسپال تعلیمی سرگرمیوں کو بحال رکھنے کے بجائے طلباء کے درمیان نفرت کی بیج بو رہے ہیں،ان اس کی کارروائی کی ہم مذمت کرتے ہیں اور انصاف ملنے تک قانونی جنگ لڑینگے۔