بقیہ وقف گرانٹس کو15دنوں کے اندر استعمال میں لایا جائے; تمام ضلع وقف افسر وں کو وقف بور ڈ کے چیرمین شافع سعدی کی ہدایت

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر

 

بنگلورو:۔برسوں سے مختلف وجوہات کے سبب استعمال نہ ہونے والے وقف گرانٹ کی رقم کو فوری طور پر استعمال کرنے اور اس کے استعمال کی سند وقف بورڈ کو روانہ کرنے کی ریاستی وقف بورڈ چیرمین شافع سعدی نے تمام اضلاع کے وقف افسروں کو ہدایت جاری کی ہے۔و قف بورڈمیں افسروں کے ساتھ ہوئی ایک ورچیول میٹنگ میں انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں جو وقف گرانٹ کی رقم استعمال کئے بغیر رکھی گئی ہے اس کو فوری طور پر استعمال میں لا کر آنے والے پندرہ دنوں کے اندر اس گرانٹ کوخرچ کر کے اس کی یوٹلائزیشن سند وقف بور ڈ میں جمع کروادی جائے۔ انہوں نے کہا کہ 2017-18 سے وقف گرانٹ استعمال نہیں وہو پایا ہے۔انہوں نے کہا کہ جن وقف اداروں کی مجلس منتظمہ نے وقف گرانٹ کا استعمال نہیں کیا ہے ان کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے فائل بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کنڑا، ہاویری، باگل کوٹ، گدگ اور یادگیر ضلع میں وقف گرانٹ کے استعمال کے معلق یو سی جمع نہیں کروائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15دنوں کے اندر اگر یوسی وقف بورڈ میں جمع نہیں کروائی گئی تو متعلقہ افسروں کے خلاف بھی کارروائی شروع کی جائے گی۔اس ورچیول میٹنگ میں وقف بور ڈ کے اراکین سید نصیر حسین، ایم پی، آصف علی شیخ، اڈیشنل چیف ایگزی کیوٹیو افسر معاذ احمد اور دیگر اعلیٰ عہدیدار موجود تھے۔