قومی پنچایت ایوارڈزاور4.09 لاکھ جائیداد مالکان کو ان کے ای -پراپرٹی کارڈبھی دیئے گئے
دہلی:۔وزیراعظم نریندر مودی نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پنچایتی راج کے قومی دن کے موقعے پر سوامتوا اسکیم کے تحت ای – پراپرٹی کارڈز تقسیم کی شروعات کی۔ 4.09 لاکھ جائیداد مالکان کو اس موقعے پر ان کے ای – پراپرٹی کارڈز دیئے گئے۔ اس موقعے پر پورے ملک میں عمل درآمد کے لیے سوامتوا اسکیم بھی شروع کی گئی۔ مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔ متعلقہ ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور پنچایتی راج کے وزراء بھی اس موقعے پر موجود تھے۔وزیر اعظم نے کہاہے کہ پنچایتی راج کا دن ایک موقع ہے جب ہم دیہی بھارت کی نئے سرے سے ترقی کے عزم کے تئیں خود کو ایک بار پھر وقف کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن ہماری گرام پنچایتوں کے غیرمعمولی کام کے اعتراف اور اس کی ستائش کا دن ہے۔وزیراعظم نے کورونا سے نمٹنے میں پنچایتوں کے رول اور کورونا کو گاؤوں میں داخل ہونے نیز بیداری میں اضافہ کرنے پر مقامی قیادت فراہم کرنے پر پنچایتوں کے رول کو سراہا۔ انہوں نے دیہی بھارت کو وبا سے باہر رکھنے کی ضرورت کوایک بار پھر دہرایا۔ مودی نے پنچایتوں سے کہاہے کہ وہ رہنما خطوط پر مکمل عمل درآمدکو یقینی بنائیں جو وقتاً فوقتاً جاری کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اوزیر اعظم نے زور دے کرکہاہے کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں کوئی بھی کنبہ بھوکہ نہ رہے۔ انہوں نے بتایا کہ پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کے تحت ہر غریب شخص کو مئی اور جون کے مہینوں میں مفت راشن فراہم ہوگا۔ اس اسکیم سے 80 کروڑ افراد کو فائدہ ہوگا۔ اور مرکز اس اسکیم پر 26000 کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کررہاہے۔
