عصمت دری کے مجرم گرمیت رام رہیم کو 21 دن کی ملی چھٹی

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رہیم جو جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں، کو 21 دن کی فرلو مل گئی ہے۔ فرلو سے مراد ایک مقررہ مدت کے لیے دی جانے والی عارضی چھٹی ہے، جو کہ عام طور پر ان قیدیوں کو دی جاتی ہے جو طویل قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔ 2017 سے جیل میں بند ڈیرہ سربراہ کو پہلی بار جیل سے رہا کیا گیا ہے۔ اطلاعات ہیں کہ وہ پیر کی شام تک جیل سے باہر آ سکتے ہیں ۔ واضح رہے کہ گرمیت رام رہیم کو 2017 میں دو پیروکاروں کے ساتھ عصمت کے الزام میں 20 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی، جس کے بعد سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے 2002 میں ڈیرہ کے سابق منیجر رنجیت سنگھ کے قتل کے معاملے میں ڈیرہ سچا سودا سربراہ اور چار دیگر کو عمر قید کی سزا سنائی تھی، وہ اس وقت روہتک کی سناریا جیل میں بند ہیں۔گزشتہ سال اکتوبر میں پنچکولہ کی ایک عدالت نے رام رحیم اور چار دیگر – کرشن لال، جسبیر سنگھ، اوتار سنگھ اور سبدل کو 8 اکتوبر کو قتل کیس میں مجرم قرار دیا تھا۔ اس معاملے میں سی بی آئی نے اسے موت کی سزا دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ عدالت نے ڈیرہ سربراہ پر 31 لاکھ روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا اور متاثرہ خاندان کو نصف رقم بطور معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا۔