بنگلورو:۔بی جے پی کےریاستی صدر و رکن پارلیمنٹ نلین کمار کٹیل نے یہ کہہ کر تنازعہ کھڑا کیا ہے کہ پارٹی کارکنوں کو لو جہاد کے مسئلہ پر توجہ دینی چاہئے نہ کہ سڑک اورڈرائینج کے مسائل پر۔ ایک پروگرام میں انہوں نےبی جے پی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میں آپ لوگوں سے کہہ رہا ہوں کہ سڑکوں اورڈرائینج جیسے چھوٹے مسائل پر بات نہ کریں۔ اگر آپ اپنے بچوں کے مستقبل کے بارے میں فکر مند ہیں اور لو جہاد کو روکنا چاہتے ہیں تو ہمیں اس کے لیے بی جے پی کی ضرورت ہے۔ صرف بی جے پی حکومت ہی قانون لاکر لو جہاد کو روک سکتی ہے۔ اس لیے لو جہاد سے چھٹکارا پانے کے لیے ہمیں بی جے پی کو اقتدار میں رکھنا ہوگا۔نلین کمارکٹیل کے اس بیان پر کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمارنے اپنا ردِ عمل ظاہرکرتے ہوئے کہاکہ نلین کمارکٹیل کا یہ بیان اخلاقیات سے گرا ہوابیان ہے،اور ان کے اس بیان سے ملک کو ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔بی جے پی حکومت ترقی نہیں دیکھ رہی ہے، وہ نفرت اور ملک کو تقسیم کرتے ہوئے دیکھنا چاہ رہے ہیں،جبکہ کانگریس ملک کی ترقی کی بات کر تی ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنا رہے ہیں۔فرقہ وارانہ مسائل پر بی جے پی کو بے نقاب کرنے کے کانگریس کے منصوبے کے بارے میں پوچھے جانے پر، ڈی کے شیوکمار نے کہا، "ہم 11 (جنوری) سے دورہ شروع کر رہے ہیں۔ ہم ہر کونے کونے کا سفر کریں گے اور معاشرے کے تمام طبقات سے ملیں گے۔ بی جے پی نے جو بھی کیا ہے، ہم انہیں بتائیں گے۔ یہ بی جے پی کے آخری دن ہیں اور بہت جلدہی بی جے پی کاچراغ بجھ جائیگا۔
