قانون بنانے کیلئے عدالت ہدایت نہیں دے سکتی: عدالت

سلائیڈر نیشنل نیوز

دہلی:۔ دہلی ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ قانون بنانا پارلیمنٹ یا ریاستی مقننہ کا خود مختار کام ہے اور کوئی بھی عدالت قانون کو منظور کرنے کے لیے ہدایت نہیں دے سکتی۔ ساتھ ہی عدالت نے ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے وسل بلور پروٹیکشن ایکٹ 2014 کو لاگو کرنے کے لیے مرکزی حکومت کو ہدایت دینے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ہائی کورٹ نے کہا کہ ریاستی اسمبلی عوام کی مرضی کی نمائندگی کرتی ہے اور یہ قانون بنانا پارلیمنٹ یا ریاستی مقننہ کی صوابدید پر منحصر ہے۔چیف جسٹس ڈی این پٹیل اور جسٹس جیوتی سنگھ کی بنچ نے کہاکہ قانون عوام کی مرضی کے سوا کچھ نہیں ہے اور وہ (ریاستی اسمبلی) عوام کی مرضی کو نافذ کرتی ہے، ہم پارلیمنٹ کے خودمختار ایکٹ کے لیے کوئی نوٹس جاری نہیں کر سکتے۔عدالت ڈاکٹر محمد اعجاز الرحمٰن کی ایک پی آئی ایل پر سماعت کر رہی تھی۔ رحمان یہاں گرو تیغ بہادر اسپتال میں سینئر چیف میڈیکل آفیسر کے طور پر تعینات ہیں۔ عرضی میں کہا گیا تھا کہ وِسل بلوئر پروٹیکشن ایکٹ 2014 کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے اور مرکزی حکومت کو اس پر عمل آوری کی ہدایت دی جائے۔