سپریم کورٹ میںمرکزی اور ریاستی حکومتوں سے متعلق 35000 مقدمات زیر التوا: حکومت

سلائیڈر نیشنل نیوز

دہلی:۔حکومت نے جمعرات کو کہا کہ 2017 سے مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے متعلق تقریباً 35000 مقدمات سپریم کورٹ میں زیر التوا ہیں۔یہ معلومات راجیہ سبھا میں وزیر قانون کرن رججو نے ایک سوال کے تحریری جواب میں دی۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا حکومت اس بات سے واقف ہے کہ گزشتہ چند سالوں میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے خلاف مقدمات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔جواب میں رججو نے کہاکہ دستیاب اعداد و شمار کے مطابق مختلف عدالتوں میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی طرف سے یا ان کے خلاف مقدمات میں اوسط اضافہ ہوا ہے لیکن کئی گنا (اضافہ) نہیں ہے۔انہوں نے انٹیگریٹڈ کیس مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم سے حاصل کردہ 26 مارچ تک کا ڈیٹا دیا۔ انہوں نے کہا کہ 2017 سے سپریم کورٹ میں 6,426 مقدمات زیر التوا ہیں جن میں ایک ریاستی حکومت درخواست گزار ہے اور 20,637 مقدمات جہاں ریاستی حکومت مدعا ہے۔وزیر قانون نے ایوان کو یہ بھی بتایا کہ سپریم کورٹ میں حکومت کی نمائندگی کے لیے 823 پینل وکلاء کام کر رہے ہیں۔