دہلی _ یکم اپریل ( اردولیکس) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس این وی رمنا نے سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) سے کہا کہ "سیاسی حکمران وقتاً فوقتاً بدلتے رہتے ہیں، لیکن ادارہ جاتی طور پر آپ مستقل ہیں۔” سی بی آئی کے بانی ڈائریکٹر ڈی پی کوہلی کا 19 واں میموریل لیکچر دہلی کے وگیان بھون میں منعقد ہوا۔ چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمنا نے تقریب میں کلیدی خطبہ دیا۔اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی حکمران وقت کے ساتھ بدلتے رہتے ہیں ۔ لیکن ایک ادارہ کے طور پر آپ ہمیشہ رہیں گے۔آپ ہر وقت مضبوط اور خودمختار رہیں۔ اپنی خدمت میں لگے رہیں ۔ تمہارا بھائی چارہ تمہاری طاقت ہے۔چیف جسٹس رمنا نے سی بی آئی کی گرتی ساکھ پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے یاد دھانی کی کہ شروع میں سی بی آئی پر عوام کا بے پناہ اعتماد تھا۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات کی تفتیش سی بی آئی کو منتقل کرنے کیلئےعدالتوں میں درخواستوں کے ڈھیر لگے ہیں۔ تاہم حالیہ دنوں میں اس کے اقدامات، تفتیشی انداز اور ساکھ سوالیہ نشان بن گئے ہیں۔این وی رمنا نے کہا کہ پولیس عہدیداروں کو اپنے فرائض انجام دینے میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ بعض معاملات میں ماہر نفسیات، استاد، مشیر، وکیل، سپر ہیرو کا کردار ادا کرنا پڑتا ہے ۔ سیاسی حکمران کی جانب سے پولیس کا غلط استعمال کوئی نئی بات نہیں ہے۔لیکن پولیس کو سیاسی حکمران کے سامنے جھکنا نہیں چاہیے۔چیف جسٹس آف انڈیا رمنا نے پولیس کو ہدایت دی کہ وہ غیر جانبداری سے کام کریں اور جرائم کی روک تھام پر توجہ دیں۔ انہوں نے جمہوریت پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
