ہندو تنظیموں پر بھی امتناع عائد کرنے ایم بی پاٹل کا مطالبہ 

اسٹیٹ نیوز سلائیڈر
باگل کوٹ:۔کانگریس لیڈر ایم بی پاٹل نے مطالبہ کیا کہ پاپو لر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) اور اس کی سیاسی تنظیم سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا(ایس ڈی پی آئی) پر جس طرح پابندی عائد کرنے کی باتیں ہورہی ہیں، میرا کہنا ہے کہ انکے ساتھ ساتھ آر ایس ایس‘ بجرنگ دل‘ وشوا ہندو پریشد اور سری رام سینا پر بھی پابندی عائد کی جائے۔کرناٹک کے سابق وزیر داخلہ نے کہاکہ بی جے پی حکومت نے ایسی فرقہ پرست تنظیموں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا تو کانگریس اس کی بھرپور تائید کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت‘ پی ایف آئی پر امتناع عائد کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ اسے چاہئے کہ وہ آر ایس ایس‘ بجرنگ دل‘ وشوا ہندو پریشد اور سری رام سینا پر بھی امتناع عائد کرے۔باگل کوٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت میں انہو ں نے کہا کہ فرقہ وارانہ سرگرمیوں میں ملوث تمام تنظیموں کو ممنوع قراردینا چاہئے۔ہبلی میں حالیہ تشدد سے متعلق سوال پر پاٹل نے کہا کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ کسی کو بھی قانون اپنے ہاتھوں میں نہیں لینا چاہئے۔ خاطیوں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف سختی سے کارروائی کی جانی چاہئے لیکن بے قصور لوگوں کو  ہراساں بھی نہیں کرنا چاہئے۔