دہلی:۔حالیہ کارروائی ڈی آر آئی اور اے ٹی ایس گجرات نے مشترکہ طور پر کی ہے۔ اس دوران ڈی آر آئی نے گجرات کے پیپاواؤ بندرگاہ پر ایک کنٹینر کو چیک کیا، جس میں 9760 کلوگرام وزنی دھاگا تھا۔ جب 28 اپریل کو چیک کیا گیا تو 100 جمبو بیگز میں سے چار مشکوک تھیلے ملے جن کا وزن 395 کلوگرام تھا جس میں دھاگے تھے۔ ریجنل فرانزک سائنس لیبارٹری میں چھان بین کی گئی تو معلوم ہوا کہ یہ افیون اور ہیروئن ہے ۔ذرائع کے مطابق اس میں 100 کلو سے زائد ہیروئن ہے جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 600 کروڑ روپے سے زائدہوتی ہے۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ منشیات کا سنڈیکیٹ اسمگلنگ کے لیے ایک انوکھا طریقہ استعمال کیا تھا، جس میں دھاگوں کو ہیروئن کے محلول میں بھگو دیا جاتا تھا، جسے بعد میں خشک کیا جاتا تھا۔ اسے گانٹھوں کی شکل دے کر تھیلوں میں پیک کیا گیا تھا۔یہ تھیلے دوسرے تھیلوں کے ساتھ بھیجے گئے تھے جن میں عام سوت کی گرہیں تھیں تاکہ حکام کی اس طرف توجہ نہ ہو۔ سال 2021 میں، ڈی آر آئی کی طرف سے ہیروئن، کوکین، چرس، میتھمفیٹامائن اور سیوڈو فیڈرین جیسی منشیات کی بہت زیادہ ضبطی ہوئی ہے۔ جنوری سے دسمبر 2021 کے درمیان 3300 کلو گرام سے زائد ہیروئن، 320 کلو گرام کوکین اور 230 کلو گرام چرس پکڑی گئی۔
