پارٹی کی شبیہ خراب کرنے والوں کو برداشت نہیں کیاجائیگا:راہل گاندھی 

نیشنل نیوز
دہلی:۔کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پارٹی لیڈروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ گھریلو معاملات کو عوام کے سامنے نہ لے جائیں۔ حیدرآباد میں تلنگانہ ریاستی کانگریس کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہاہے کہ اگر پارٹی کے کسی لیڈر کو کوئی مسئلہ یا شکایت ہے تو وہ اس شکایت کو پارٹی کے اندرونی نظام میں درج کرائیں۔ راہل گاندھی نے کہاہے کہ اگر آپ کو کوئی شکایت ہے تو آپ اندرونی نظام میں آواز بلند کریں۔ لیکن اگر کوئی میڈیا پر آکر اپنی شکایت درج کرائے تو اس سے پارٹی کی شبیہ خراب ہوتی ہے اور اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔پانچ ریاستوں کے انتخابی نتائج کے بعد کانگریس کے اندر کھلبلی مچ گئی ہے۔ تنظیم کی قیادت کے حوالے سے پارٹی میں دوگروپ بن گئے ہیں۔ ایک طبقہ پارٹی قیادت یعنی سونیا گاندھی، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کے ساتھ کھڑا ہے جب کہ دوسرا دھڑا چاہتا ہے کہ کانگریس کو گاندھی خاندان سے آزاد کیا جائے اور پارٹی قیادت اب کسی غیر کانگریسی کے ہاتھ میں چلی جائے۔راہل گاندھی نے کہاہے کہ کانگریس ایک خاندان ہے اور خاندان میں مختلف رائے ہیں۔ ہمارے پاس آر ایس ایس نہیں ہے جہاں ایک آدمی ہر چیز کا فیصلہ کرتا ہے۔ ہم سب کی آواز سننا چاہتے ہیں لیکن میڈیا میں نہیں، بند کمروں میں جیسے خاندان کی باتیں ہوتی ہیں۔ اگر کوئی شکایت ہے تو ہمارا اندرونی نظام ہے، آپ کو جو بھی شکایت ہے آپ وہاں بولیں، لیکن اگر کوئی میڈیا میں بولتا ہے تو وہ پارٹی کا امیج خراب کرتا ہے اور ہم اسے ماننے والے نہیں۔