آگ کی تباہی: پانچ سالوں میں 80 ہزار سے زائد افراد زندہ جلے ، ایسے واقعات کی وجہ کیا ہے؟

سلائیڈر نیشنل نیوز
دہلی:۔دارالحکومت دہلی کے منڈکا علاقہ میں جمعہ کی شام ایک تین منزلہ عمارت میں زبردست آگ لگ گئی۔ اس حادثے میں 27 لوگوں کی موت ہو گئی۔ 50 افراد کو بحفاظت نکالا گیا ہے۔ 12 سے زائد افراد زخمی بتائے جاتے ہیں۔ اس حادثے میں فائر بریگیڈ کے دو اہلکار بھی ہلاک ہو گئے۔آگ لگنے سے جانی نقصان کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل جمعرات 13 مئی کو شری ماتا ویشنو دیوی کے درشن کر کے واپس آنے والے مسافروں کی بس میں آگ لگ گئی۔ اس میں چار عقیدت مند زندہ جل گئے۔ 24 دیگر عقیدت مند شدید جھلس گئے۔ایک کے بعد ایک آتش زنی کے ان واقعات نے لوگوں میں خوف وہراس پھیلا دیا ہے۔ ایسا نہیں ہے کہ ایسے واقعات ابھی شروع ہوئے ہیں۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ایک سال کے اندر 11 ہزار سے زائد ایسے واقعات رپورٹ ہوئے جن میں نو ہزار سے زائد افراد زندہ جل گئے ہیں۔ آتشزدگی کے واقعات کے بارے میں جاننے کے لیے حکومتی ڈیٹا چیک کیا گیا۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو یعنی این سی آر بی کی ویب سائٹ پر ہمیں 2015 سے 2020 تک کا ڈیٹا ملا ہے۔ 2021 کا ڈیٹا ابھی جاری نہیں کیا گیا ہے۔ ان پانچ سالوں میں آتش زنی سے مرنے والوں کی تعداد خوفناک ہے۔ این سی آر بی کے مطابق 2015 سے 2020 تک مختلف مقامات پر آگ لگنے کے 82 ہزار 7 واقعات درج کیے گئے ہیں۔ ان میں 80 ہزار 242 افراد ہلاک ہوئے۔سال 2020 میں ملک بھر میں آگ لگنے کے 9,329 واقعات ہوئے۔ ان میں سے 9,110 لوگ زندہ جل کر مر گئے۔ ان میں سے 4,954 خواتین اور 4,156 مرد تھے۔ 468 افراد زخمی ہوئے۔ 2019 کے بارے میں بات کریں تو آتشزدگی کے 11,037 واقعات درج ہیں، جس میں 10 ہزار 915 لوگ مر ے۔ یہ راحت کی بات ہے کہ سال بہ سال آتشزدگی کے واقعات اور مرنے والوں کی تعداد میں کمی آ رہی ہے۔آتشزدگی کے زیادہ تر واقعات رہائشی عمارتوں میں پیش آئے ہیں۔ 2020 میں رہائشی عمارتوں میں 5,391 آگ لگیں اور 5,248 افراد ہلاک ہوئے۔ تجارتی عمارتوں میں ایسے 208 واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ ان میں 163 افراد ہلاک ہوئے ۔ سرکاری عمارتوں میں آتشزدگی کے 53 واقعات ہوئے اور 57 افراد زندہ جل گئے۔109 فیکٹریوں میں آگ لگنے سے 107 افراد زندہ جلے ۔ 2020 میں چلتی گاڑیوں میں آتشزدگی کے 257 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ ان میں سے 326 افراد زندہ جلے۔ ان میں سے زیادہ ترپرائیویٹ گاڑیاں تھیں۔