
شیموگہ:۔طلباء کواپنی زندگی میں نظم و ضبط کو اپنا کر اور نیک نیتی کے ساتھ کوئی بھی کام کرتے ہوئے ملک کی تعمیر اورترقی میں اپناکردار ادا کرنا چاہئے۔ ان باتوں کا اظہارضلعی ایس پی لکشمی پرسادنے کیا ہے۔ انہوں نےشہر کے کوئمپو رنگا مندرا میں روزنامہ آج کاانقلاب ،سگما فائونڈیشن اور امپیریل فائونڈیشن فار ایجوکیشن کے اشتراک سےمنعقدہ ایس ایس ایل سی اور پی یو سی کے طلباء کیلئےکریئر گائیڈنس پروگرام کا افتتاح کرتے ہوئےکہاکہ ہر طالب علم کی اپنی شخصیت ہوتی ہے، اسی طرح ذاتی، پیشہ ورانہ اور سماجی زندگی کے تین درجے ہوتے ہیں، اگر ان درجات میں سے کوئی بھی ایک اپنا توازن کھوبیٹھتا ہے تو طلباء کو اپنے مستقبل اورمقصدکو مناسب طریقے سے تشکیل دینا ناممکن ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ طلباء کو اپنے مقاصدکو پورا کرنے کیلئے مثالی شخصیت اور ذاتی زندگی کیلئے اپنے والد ین کو رول ماڈل کے طور پراپنانا چاہئے۔اس موقع پرمحکمہ تعلیم کے بی ای اوناگراج پی نے بات کرتے ہوئےکہا کہ تعلیم کا بنیادی مقصد طلباء کو ذمہ دار شہری بنانا ہے۔ صرف زیادہ نمبرات لانے سے ان کی زندگی کی تشکیل نہیں ہوتی ہےبلکہ نمایاں نمبرات کے ساتھ ساتھ انہیں، ذہینی، جسمانی، جذباتی ، سماجی اور اخلاقی تعلیم دینی بھی ضروری ہے۔ اس موقع پر انجینئر محمد ابراہیم نے بات کرتے ہوئے کہاکہ نوجوان نسل اپنی زندگی کوکامیاب بنانے کیلئے ایک رول ماڈل کو سامنے رکھتے ہوئے کام کرنے کی ضرورت ہے،اگر نوجوانوں میں کامیابی حاصل کرناہے تو اس کیلئے شدید محنت کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر،انجینئر کچھ بھی بنیں ،لیکن ایک اچھے انسان بن کر اپنی قوم وملت ، ملک اور انسانیت کیلئے کام کریں،ایک ایسانام کرنے کی ضرورت ہے جس سے ساری انسانیت کیلئے فائدہ پہنچے۔مثال کے طو رپر گاندھی جی کا ہی نام لیں،انہوں نے اپنی ساری زندگی انسانیت کیلئے گذاری ہے،جس کی وجہ سے ان کانام ان کے دنیا سے چلے جانے کے بعدبھی باقی ہے،ہم ایک ایسے ملک میں رہے ہیں جہاں پر وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے،ہمیں ہر طرح کی سہولت دستیاب ہے،جبکہ دنیا کے کئی ایسے ممالک ہیں جہاں پرکھانے کیلئے کھانا نہیں ہے،تعلیم بالکل بھی نہیں ہے،ایسے میں ہمیں فائدہ اٹھاکر دنیامیں نام کرنے کی ضرورت ہے ۔ یہاں ہر کوئی اپنے مستقبل کے تعلق سے سوچتا ہےکہ میں اپنی زندگی کو کیسے بہتر بنائوں،یہ انسانی فطرت ہے لیکن حقیقت میں انہیں لوگوں کی زندگی اچھی ہے جو اپنے ساتھ ساتھ دوسروں کیلئے کیا کرسکیں۔ہمیں پیدا کرنے والے خدانے اُس کی مخلوق کی خدمت اور مددکیلئے پیداکیاہے،انسانیت سے بڑھ کر کوئی چیزنہیں ہے،جب تک ہم میں انسانیت نہیں ہوگی اُس وقت تک کوئی چیزکامیابی کی جانب ہمیں نہیں لے جاسکتی ۔ زندگی کو جو لوگ سنجیدگی کے ساتھ لیتے ہیں اور اچھائی کی طرف راغب ہوتے ہیں وہی لوگ کامیاب ہوتے ہیں۔اس موقع پر سگما فائونڈیشن کے بانی وسرپرست امین مدثرنے اس موقع پر طلباء کو زندگی کے اصول بتاتے ہوئے تعلیم کو کیسے حاصل کیاجاناچاہیے اس پر تفصیلی گفتگو کی ،اس کے علاوہ انہوں نے مستقبل میں کونسے شعبوں میں تعلیم حاصل کرسکتے ہیں،اس کی تفصیل دیتے ہوئے اسکالرشپ حاصل کرنےکے طریقے بھی بتائے۔اس موقع پرامپیریل کالج کے ڈائریکٹر کے بی بشیر احمد،قادر باشاہ،روزنامہ آج کاانقلاب کے ایڈیٹر مدثر احمد ، صحافی محمد لیاقت وغیرہ موجود تھے۔پروگرام میں شہرکے مختلف اسکولوں کے طلباء اور ان کے والدین نے شرکت کی۔
