دہلی:۔ملک میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسزکی وجہ سے ہر طرف افراتفری پھیلی ہوئی ہے۔ ایسی صورتحال میں ملک کی بیشتر جیلوں میں کورونا کا خطرہ منڈلا رہا ہے کورونا کا قہر جیلوں پر بھی پڑ رہا ہے۔ جیلوں میں صلاحیت سے زیادہ قیدیوں کی تعداد سے پریشانی بڑھ سکتی ہے۔ عدالت عظمیٰ نے جیلوں کی صورتحال کا از خود نوٹس لیا ہے۔ چیف جسٹس این وی رمنا نے کہا کہ موجودہ صورتحال انتہائی خطرناک ہے۔ گزشتہ بار سے زیادہ خطرناک۔ گزشتہ بار دائر درخواستوں پر دوبارہ غور کرنے کی ضرورت ہے۔ ایس جی تشارمہتا نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 23 مارچ کو ہائی پاور کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔ جسٹس راؤ نے کہا کہ ہم اس حکم سے واقف ہیں۔ ہم جس ہائی پاور کمیٹی کا ذکر کررہے ہیں اس پر غور کرسکتے ہیں ، اور آرڈرپاس کرسکتے ہیں ۔ جسٹس راؤ نے کہا کہ جیلوں میں زیادہ بھیڑ بھاڑکی صورتحال بہت خطرناک اور بری ہے۔ 90فیصد قیدیوں کو رہا کیا گیا تھا ، وہ واپس آگئے ہیں۔ زیادہ تر جیلوں میں ضرورت سے زیادہ قیدی ہیں۔ سینئر ایڈوکیٹ کولن گونجالوس نے مشورہ دیا کہ ضمانت پر رہا ہونے والے اور جیل میں واپس آنے والے قیدیوں کو باقاعدہ ضمانت پر رہا کیا جائے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ ہم ہر ریاست کے معاملے کی تحقیقات نہیں کرسکتے ہیں۔ عام آرڈر منظور نہیں کیا جاسکتا ، لہٰذا ہم نے جوڈیشل افسران وغیرہ کو شامل کیا ہے۔ وہ تمام حقائق اور حالات اور حلف ناموں پر غور کریں گے۔ ساتھ ہی ایک آرڈر بھی پاس کریں گے۔
