راج کوٹ:۔ مرکز کی بی جے پی حکومت کی طرف سے پچھلے آٹھ سالوں میں کئے گئے فلاحی کاموں کو اجاگر کرتے ہوئے ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو کہا کہ اس عرصے کے دوران حکومت نے غلطی سے بھی ایسا کچھ نہیں کیا جس سے شہریوں کا سر ’جھک ‘جائے۔ پی ایم مودی نے ہفتہ کو راج کوٹ میں نئے تعمیر شدہ ماتوشری کے ڈی پی ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کا افتتاح کیا۔ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی کی قیادت والی این ڈی اے حکومت ملک کی خدمت کے آٹھ سال مکمل کر رہی ہے۔پچھلے کئی سالوں میں ہم نے غریبوں کی خدمت، اچھی حکمرانی اور لوگوں کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی ہے۔’’ سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس اور سب کا پریاس‘‘ کے وضع کردہ اصول پر عمل کرتے ہوئے ہم نے ملک کی ترقی کو ایک نئی تحریک دی ہے۔8 سال میں کوئی ایسا کام غلطی سے بھی سرزد نہیں ہوا جس سے ملک کے کسی شہری کو سر جھکانا پڑے۔انہوں نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی ہے۔مودی نے کہا کہ حکومت شہریوں کے لیے سہولیات کو 100 فیصد قابل رسائی بنانے کی مہم چلا رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بدعنوانی کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور امتیازی سلوک تب ختم ہوتا ہے جب ہر شہری کو سہولیات فراہم کرنا مقصود ہو۔ آٹھ سالوں میں، ہم نے باپو اور سردار پٹیل کے خوابوں کے ہندوستان کی تعمیر کے لیے دیانتداری سے کوششیں کی ہیں،باپو ایک ایسا ہندوستان چاہتے تھے جو غریبوں، دلتوں، قبائلیوں اور خواتین کو بااختیار بنائے،جہاں حفظان صحت اور صحت زندگی کا طریقہ ہو۔جب لوگوں کی کوششیں حکومتی کوششوں سے جڑ تی ہیں، تو خدمت کرنے کی ہماری ’شکتی‘ بڑھ جاتی ہے۔راج کوٹ میں یہ جدید ہسپتال اس کی ایک بڑی مثال ہے۔ اس سے پہلے آج پی ایم مودی نے راج کوٹ میں نئے تعمیر شدہ ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کا بھی معائنہ کیا جس کا انتظام شری پٹیل سیوا سماج کے زیر انتظام ہے۔
