شیموگہ :۔راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کو بدنام کرنے اوراسکی بے عزتی کرنے کا گھٹیا کام کیا جارہا ہے، آرایس ایس پر انگلی اٹھانا اپوزیشن کی اوقات نہیںہے ۔ ان باتوں کا اظہار رکن پارلیمان بی وائی راگھویندرا نے کیا ہے۔ انہوں نےیوتھ کانگریس کی جانب سے کئے جانے والے احتجاج میں آر ایس ایس کی یونیفارم کو نذر آتش کرنے کے عمل سے ناراض ہوکر اپنا غم اورغصہ ظاہر کیا۔ ایم پی راگھویندرا نے کہا کہ سیاست کے اپنے مسائل ہیں اوراس میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کو غیر ضروری طور پر گھسیٹنا کوئی معنی نہیں رکھتا۔اپوزیشن اس قابل نہیں ہے کہ وہ سنگھ کے بارے میں بات کریں۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ نے خود کو ملک کیلئے وقف کر دیا ہے اور لاکھوں کارکنوں کے ساتھ کام کر رہی ہے۔بہت سے بزرگوںکی دعائوںسے آج مودی کے دور میں کئی عزم کئے گئے ہیں۔آر ایس ایس ایک دیش بھکت تنظیم ہے۔ ایک ایسی تنظیم ہےجو بھارت کی بہتری کیلئے کوشش کرتی ہے، نہ کہ کسی ایک ذات اور مذہب کیلئے۔یہ بات اپوزیشن کو سمجھنی چاہئے۔سیاست کیلئے اپنی بنیادی تنظیم پر الزام لگانا بہت بڑی غلطی ہے۔انہوں نے کہا کہ محض اقلیتی ووٹ کیلئےسنگھ پر الزام تراشی کا کام کر رہی اپوزیشن کو یہ سب چھوڑکر انکے کئے گئے کارنامہ لے کر عوام کے پاس جائیں گے تو بہتر ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ وہ آرایس ایس پر انگلی اٹھانا چھوڑ دیں ۔
