بنگلورو:۔ایک مذہب کے دیوی دیوتائوں اوراسی طرح سے دوسرے مذہب کی عبادتوں کو تنقید کرتے ہوئے مذہبی منافرت پھیلانےوالی نوپورشرما سمیت کوئی بھی ہو اُسے سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے،اگر ایسے واقعات میں سخت سزا ملتی ہے تو سماج میں دوبارہ ایسے واقعات پیش نہیں آئینگے۔اس بات کااظہار کرناٹکا وقف بورڈکے ریاستی صدر مولانا محمدشفیع سعدی نے کیاہے۔انہوں نے اس سلسلے میںنامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ احتجاج کرنا ہر ایک آئینی حق ہے،لیکن احتجاج کے دوران پتھرائو کرنا قانون کو اپنے ہاتھ میں لینا ناقابل قبول بات ہے۔اس طرح کے واقعات سے نوپورشرما جیسے لوگوں کو تنقید کرنے کا موقع نہ دیں اور پیغمبر اسلامﷺکے نام پر پتھرائو کرنااور قانون کی خلاف ورزی کرنا ہماری سب سے بڑی غلطی ہوگی۔مزید انہوں نے کہاکہ ایسے معاملات کوجذباتی طور پر نہ لیتے ہوئے قانونی طورپر ملزمان کے خلاف کارروائی کرنے کی ضرورت ہے۔مزید انہوں نے کہاکہ نوپورشرماجو جب تک سزانہیں ملتی اُس وقت تک مسلمانوں کو اپنا احتجاج جاری رکھنے کی ضرورت ہے،لیکن احتجاج کے دوران عوامی املاک کو نقصان پہنچانے کاکام نہ کیاجائے اورنہ ہی دوسرے مذاہب کے عبادت گاہوں کونقصان پہنچائیں۔ڈی جے ہلی کے جے ہلی میں جو حالات فسادات کے بعد رونماہوئے تھےاُس کا نمونہ اب بھی ہمارے سامنے ہے،جس پیغمبر کو مسلمان نہایت اعلیٰ نظریات سے دیکھتے ہیں اُس نبیﷺکی شان میں گستاخی تو برداشت نہیں کی جاسکتی،ساتھ ہی ساتھ اس کے احتجاج کیلئے اسلامی اصولوں کو پامال نہ کیاجائے۔
