بجنور:۔ اترپردیش کے بجنور سے ایک سنسنی خیز خبر کے مطابق شہر میں ایک مقبرے میں زعفرانی لبادہ پہنے دو حقیقی بھائیوں نے توڑ پھوڑ کی۔بھگوا ملبوسات پہنے دو بھائیوں نے ماحول کو خراب کرنے کی نیت سے سینکڑوں سال پرانے تین پیر بابا کے مقبروں کی توڑ پھوڑ کی۔ دونوں نے قبر کی چادروں کو بھی آگ لگا دی۔ تاہم شہر کے ڈی ایم اور ایس پی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں بھائیوں کو گرفتار کر لیا۔ اب پولیس افسران دونوں بھائیوں سے گہری پوچھ گچھ کر رہے ہیں۔ گرفتار ہونے والے دونوں بھائی بجنور کے شیر کوٹ علاقے کے رہنے والے ہیں۔یہ واقعہ کل شام پیش آیا۔ بجنور کے علاقے شیر کوٹ کے دو حقیقی بھائیوں عادل اور کمال نے ہندو مذہب کا لباس زیب تن کر کے سینکڑوں سال پرانے درگاہ بھرے شاہ بابا، جلال شاہ بابا اور تیسرے قطب شاہ کے مقبرے کو اپنی سازش کا نشانہ بنایا۔ دونوں نے یکے بعد دیگرے تینوں مزارات کو تباہ کرکے اور مقبرے کی تمام چادروں کو آگ لگا دی۔تاہم ابتدائی تفتیش کے بعد یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ ماحول خراب کرنے کی نیت سے دونوں حقیقی بھائیوں نے بھگوا رنگ کے چولے پہن کر اس واردات کو انجام دیا۔تاہم کچھ راہگیروں نے مزار پر توڑ پھوڑ کا واقعہ دیکھا اور پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی بجنور کے ڈی ایم اور ایس پی موقع پر پہنچ گئے اور تینوں ٹوٹی ہوئی قبروں کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی پولیس نے دونوں ملزمان حقیقی بھائیوں کو گرفتار کر لیا جن سے سخت پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
