شیموگہ: ضلع میں گانجہ ، ڈرگس اور منشیات جیسی لعنت پر قابو پانے میں ناکام وزیر برائے داخلہ ارگاگیانیندر کواستعفیٰ دینا چاہئے۔ وزیر داخلہ اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے میں پوری طرح سے ناکام ہوئے ہیں انہیں اخلاقی طور پر اپنا استعفیٰ دینے کی ضرورت ہے۔ اس بات کا مطالبہ آج این ایس یوآئی کی ضلعی یونٹ کی جانب سے شہر کے مہاویر سرکل میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کیا گیا اورضلع انتظامیہ کے ذریعہ ریاستی گورنر کو ایک یادداشت پیش کی گئی۔ این ایس یوآئی نے الزام لگایا کہ وزیر داخلہ کے آبائی ضلع شیموگہ میں ہی گانجہ، ڈرگس اور منشیات کے معاملات میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے اور ضلع میں گانجہ اور منشیات کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر داخلہ اراگا گیانیندر جوگانجہ اور منشیات کی لعنت پر قابو پانے میںمکمل طور پر ناکام ہوئے ہیں اور محکمہ کی ذمہ داریوں کو موثر طریقے سے نبھانے میںناکام ہوئے ہیں ۔ لہٰذا ایسے نااہل وزراء کو کابینہ سے برطرف کیا جانا چاہئے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کے بیشتر کاجوں کے زیادہ تر طالب علم گانجہ اور منشیات کے عادی ہو رہے ہیں۔ اسکول اور کالج کے احاطے میں گانجہ اور منشیات کا استعمال بڑھتا جا رہا ہے۔ حال ہی میں ایک نامور کالج کے سامنے ہی طالب العلموں کونشے کی حالت میں مدہوش لڑکھڑانے کا منظر وائرل ہورہا ہے ۔ یہ بہت افسوس کن ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ محکمہ پولیس کوضلع میں گانجہ اور منشیات سمیت تمام طرح کی نشہ آور اشیاء کی فروخت کو روکنے کیلئے سخت کارروائی کرنی چاہئے۔گانجہ فروخت کرنے اور استعمال کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور سزا دی جائے۔ ریاستی حکومت کو چاہیے کہ وہ اسکول اور کالج کے طلباء میں بیداری پیدا کرنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائیں۔ شیموگہ ضلع سمیت ریاست میں گانجے کی فروخت، منشیات کی فروخت پر قابو پانے اور محکمہ داخلہ کو سنبھالنے میں ناکام رہنے والے وزیر ارگا گیانیندر کو کابینہ سے ہٹا دیا جانا چاہئے۔آخر میں انتباہ کیا گیا کہ اگر فوری طور پر یہ اقدامات نہیں اٹھائے جاتے ہیں تو اس کے خلاف سخت احتجاج کیا جائیگا۔ اس موقع پراین ایس یو آئی کے سٹی صدر چرن، ہرشیت، ایس ایس وجئے کمار، وشال، کرن، سچن، سونو، پردیپ، گگن اور دیگر نے شرکت کی۔
