شیموگہ:(انقلاب نیوزبیورو):۔ 75 ویں یوم آزادی کی تقریب کو یادگاربنانے کیلئے ریاست میں 750 گرام پنچایتوں میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ضلع کے تمام تعلقوں میں 32 گرام پنچایتوں کو امرت گرام پنچایت منصوبےکیلئے منتخب کیا گیا ہے۔اس بات کا اظہار وزیر برائے دیہی ترقیات وپنچایت راج اور ضلعی نگران کار وزیر کے ایس ایشورپا نے کیا ہے۔ انہوں نے آج ضلع پنچایت کے عبدالنظیر آڈیٹوریم میں منعقد ہ امرت گرام پنچایت منصوبے کے نفاذ اور پیش رفت کاجائزہ لیتے ہوئےکہا کہ اس منصوبے کیلئے نشاندہی کئے ہوئے تمام گرام پنچایتوں میں اسٹریٹ لائٹنگ ، ہر گھر میں پینے کے پانی کی فراہمی ، 100 فیصد فضلہ کو علیحدہ کرنا اورٹھکانے لگانا ، گندے پانی کو موثر طریقےسےضائع کرنے ، شمسی توانائی کی تنصیب ، ڈیجیٹل لائبریریوں سے لیس اسکولوں کا مناسب قیام ، اسکولوں میں بنیادی سہولیات اوراسکی ترقی پر توجہ دی جائے گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر یہ منصوبہ کامیابی کے ساتھ لاگو ہوتا ہے تو امرت گارڈن، دیہی لائبریریوں کی ڈیجیٹلائزیشن ، آنگن واڑیوں کیلئے پینے کے پانی اور بیت الخلاء کی فراہمی ، کھیل کے میدانوں اور دیواروں کی تعمیر ، تالابوں کی بحالی اور دیگر منصوبوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔مزید انہوں نے کہا کہ گرام پنچایتوں کیلئے جل جیون مشن، سوچھ بھارت مشن، 15 ویں فینانس، نریگا ،گرام پنچایت کیلئے ذاتی امداد، پرائمری اور سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی ا سکول بلڈنگ کی امداد کو 25 لاکھ روپے تک کا غیر محدودبجٹ فراہم کیا جائیگا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن پارلیمان بی وائی راگھویندرانے کہا کہ ضلع ، تعلقہ اور دیہی علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں کیلئے پہلے ہی کانکریٹ نالیوں کی تعمیر، خستہ حال سڑکوں کو درست بنانےکیلئے اولین توجہ دینےدی جانی چاہئے اوراسکے لئے ٹھیکداروں کو اقدامات اٹھانے کا مشورہ دیا ہے۔ نشست میں بی وائی راگھویندرا، ودھان پریشدرکن ردرے گوڑا، آئینورمنجوناتھ، رکن اسمبلی کمار بنگارپا، کے بی اشوک نائک، ضلع پنچایت سی ای او ایم ایل ویشالی، سمیت متعدد محکموں کے افسران موجودتھے۔
